وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،پی ڈی پی کے تحت 20 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ،بریگیڈئیر (ر) اسد محمود کی بریفنگ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ایک اجلاس کے دوران چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 20 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی طرف سے جاری گائیڈلائنز کے مطابق کام ہونا چاہیئے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) اسد محمود نے صوبائی وزیر کو اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ عبدالحکیم، بہاولنگر، گوجرہ، جوہرآباد، کندیاں، کوٹ ادو، پسرور، پتوکی، پھالیہ، پنڈی بھٹیاں کو بھی پی ڈی پی کے دائرہ کار میں لایا گیا گیا ہے۔ اِن شہروں میں بنیادی میونسپل خدمات کی فراہمی کیلئے 59 ارب کی سکیمیں منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بوریوالہ، خانیوال، میلسی، سلانوالی، وہاڑی، لیہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، حاصلپور، حضرو، اور جلالپور جٹاں کیلئے بھی 63 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی میں شہروں کی 2050 تک آبادی کی ضروریات مدِنظر رکھ کر سکیمیں بنائی گئی ہیں۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے قیام کیلئے 2 ارب 50 کروڑ کی منظوری دے دی ہے۔ پی ایم یو کے قیام سے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 3 ہزار 497 کلومیٹر طویل سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔ اسی طرح شہروں میں مجموعی طور پر 2 ہزار 613 کلومیٹر گلیاں خوشنما ٹائلز کے ساتھ پختہ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ کی روک تھام کیلئے 56 نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے۔ موجودہ 61 ڈسپوزل سٹیشنز کی استعدادِکار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نئے اور پرانے تمام ڈسپوزل سٹیشنز شمسی توانائی پر منتقل کئے جائیں گے جس سے بجلی بل کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ سٹیشنز کی صلاحیت 2114 کیوسک تک بڑھانے سے اربن فلڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت بارانی پانی کی سٹوریج کیلئے انڈرگرائونڈ واٹر ٹینک تعمیر کئے جائیں گے۔ واٹر ٹینکس سے نہ صرف زیرزمین پانی کی سطح بہتر کرنے میں مدد مل سکے گی بلکہ پانی کو دیگر مقاصد کے لئے استعمال بھی کیا جا سکے گا۔ صوبائی وزیر کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کو بِڈنگ کا عمل مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے لئے صرف ای بِڈنگ کے باعث ورک ایوارڈ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button