پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو ہر ہفتے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) سے پراگریس رپورٹ لینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں پی ڈی پی کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) اسد محمود، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈیش بورڈ کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” 52 شہروں کیلئے 313 ارب کا ترقیاتی پروگرام ہے۔ پہلے مرحلے میں 70 لاکھ آبادی کو سیوریج، پارکس، سٹریٹ لائٹس کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مختلف شہروں میں 3397 کلومیٹر سیور بچھایا جائے گا۔ بارانی پانی کے نکاس کے لئے 181 کلومیٹر طویل ڈرینز تعمیر کی جا رہی ہیں۔ شہروں کے لئے 33 ہزار 160 مین ہول کوورز فراہم کئے جائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ بارانی پانی کے ذخیرے کیلئے 34 ملین گیلن کی گنجائش والے زیرزمین ٹینک بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں اگلے موسم برسات سے قبل منظورشدہ واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ پروگرام کے تحت پنجاب حکومت 14 ہزار 679 مقامات پر سٹریٹ لائٹس نصب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس میں 323 ملین پانی صاف کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ مختلف شہروں میں 117 ڈسپوزل سٹیشنز کو سولرائزڈ کیا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے اہداف پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ہر ایم او آئی کی کارکردگی کا جائزہ پی ڈی پی میں پراگریس کی بنیاد پر لیا جائے گا۔ سُستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پورے پراجیکٹ میں صرف لائننگ والے پائپ استعمال کئے جائیں گے۔ لائننگ پائپ کی عمر سو سال ہوتی ہے۔ بار بار تبدیلی کی ضرورت نہیں رہے گی۔





