ایف ڈی اے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کی طرف سے سال 2025 میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف 203 کارروائیاں

ایف ڈی اے کے شعبہ ٹائون پلاننگ کی طرف سے سال 2025 میں غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف 203 کارروائیاں کرکے ان کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سربمہر کیاگیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ڈویلپرز کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے مختلف تھانوں میں 49 استغاثے جمع کرائے گئے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس شعبہ ٹائون پلاننگ کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹائون پلاننگ راحیل ظفر، احمد ابراہیم،اقرا مرتضی، فاران صدیقی ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ گزشتہ سال مختلف ہائوسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف 86 چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوائے گئے جبکہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی پر پابندی کے لئے متعلقہ محکموں کو تحریر کرنے کے علاوہ 397 ہائوسنگ سکیموں میں پلاٹس کی رجسٹری اور انتقالات پر پابندی عائد کرنے کی کارروائی کی گئی۔ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ نے بتایا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے متعلق عوامی اطلاع کے لئے سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ غیرقانونی ہائوسنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہئے اس سلسلے میں انفورسمنٹ ٹیموں کو بھرپور انداز میں متحرک رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں بھی شعبہ ٹائون پلاننگ کی کارکردگی میں نرمی یا کمی نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے قانون کی عملداری کو یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اربن ڈویلپمنٹ اور منظم ٹائون پلاننگ کے لئے مؤثر اور جامع حکمت عملی کو نتیجہ خیز بنائیں۔ انہوں نے تیز رفتار سروس ڈیلیوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ رپورٹ، تکمیلی سرٹیفکیٹ اور قبضہ سلپ کے رئیل ٹائم میں اجراء کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی جدید اصلاحات پر عملدرآمد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیئے۔

جواب دیں

Back to top button