وزیراعلٰی پنجاب کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان کے سرکاری ہسپتالوں کے دورے جاری ہیں۔ کمشنر لاہور نے جنرل ہسپتال لاہور اور جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کیلئے طبی نگہداشت مانیٹرنگ و جامع صفائی آپریشنز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز بھی ہمراہ موجود تھے۔ ایم ایس جناح ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال و ڈائریکٹر ایمرجنسی و سینئر ڈاکٹرز نے بریفنگ دی۔کمشنر لاہور نے ہسپتالوں میں طبی نگہداشت پروٹوکولز، کاونٹرز سے خدمات فراہمی کا جائزہ لیا. انہوں نے ہسپتالوں کی ایمرجنسیز، وہیل چیئر پورٹر کاونٹرز، معلومات و راہنمائی کاونٹرز کا دورہ کیا اور صفائی و طبی سہولیات کا فہرست کے مطابق جائزہ لیا۔ انہوں نے واش رومز، نرسنگ اسٹیشنز، ایمرجنسی وارڈز کو ایس او پیز کے مطابق چیک کیا۔ کمشنر لاہور نے ایمرجنسی مریض انتظار گاہ میں خواتین و مرد مریضوں سے طبی سہولیات فراہمی بارے استفسار کیا۔ انہوں نے ہسپتال فارمیسی کی خصوصی چیکنگ، مفت ادویات فراہمی ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے جنرل ہسپتال کے تین فلورز کا دورہ کیا اور مریضوں کے فون نمبرز بھی نوٹ کرائے۔
کمشنر لاہور نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جناح اور جنرل ہسپتال لاہور و پنجاب کے بڑے ہسپتال ہیں طبی سہولیات ایس او پیز پر کوئی کمپرومائز نہیں، ہسپتالوں میں صفائی کے معیار کو بہتر کیا جائے، انفارمیشن و فسیلیٹیشن کاونٹرز پر مستعد سٹاف ہونا چاہیے اور مریضوں کو مکمل راہنمائی دیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ہسپتال سکیورٹی کو بہتر کریں سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی میں کوئی تعطل نہ ہو، ڈاکٹرز سفید کوٹ ہر صورت پہنیں اس سے مریضوں کیلئے بھی آسانی ہوتی ہے۔کمشنرلاہور نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کو محکمہ صحت کی طبی سہولیات چیک لسٹ کے مطابق تمام پہلووں سے چیک کیا جارہاہے، لاہور ڈویژن میں پبلک ہیلتھ فسیلیٹیز کے اندرون و بیرون کی ڈیپ کیلننگ کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح شہریوں کو صحت و علاج کی بہترین سہولیات فراہمی ہے۔






