وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عیدالفطر کو 4 اضلاع کا دورہ کر کے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ضلع سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانولہ اور لاہور کا دورہ کیا۔ اپنے دورے میں انہوں نے ڈسکہ، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، کامونکی، مریدکے اور شاہدرہ کا معائنہ کیا۔ ڈسکہ اور سیالکوٹ شہر کے دورے کے بعد صوبائی وزیر گوجرانولہ شہر گئے۔ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی ای او گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد قاسم بھی ساتھ تھے۔ذیشان رفیق نے گوجرانوالہ شہر میں ماڈل ٹاؤن، جی ٹی روڈ، نہر اپر چناب، تحصیل صدر اور کامونکی میں عید پلان کے تحت صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے سُتھرا پنجاب کے ورکرز میں مٹھائی اور عیدی بھی تقسیم کی۔ صوبائی وزیر نے عملہ صفائی کی کارکردگی کو سراہا اور اُن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں عید کے موقع پر صفائی کے عمدہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ صفائی آپریشن کو اسی جذبے سے عید کے تینوں روز جاری رکھا اور دیہی یونین کونسلز پر بھی یکساں توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ جاری رکھیں گے۔کمشنر نوید حیدر شیرازی نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے 4 اضلاع کی 13 تحصیلوں میں عید صفائی آپریشن جاری ہے۔ گوجرانوالہ کی 1717 مساجد ، 97 امام بارگاہوں کی خصوصی صفائی اور واشنگ کا انتظام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گوجرانوالہ میں 13 ہزار 185 سینٹری ورکرز صفائی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ عید آپریشن کے لئے 2480 سے زائد گاڑیاں اور جدید مشینری فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم، شکایات سیل اور لینڈ فل سائٹس 24 گھنٹے فعال ہیں۔ ہیلپ لائن 1139 اور 080011155 پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق گوجرانولہ کے بعد مریدکے اور شاہدرہ ٹائون گئے جہاں انہوں نے عید پلان کے تحت کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر نے سُتھرا پنجاب کے ورکرز سے ملاقات کر کے عیدی اور گفٹس تقسیم کئے۔ انہوں کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر سُتھرا پنجاب کی پوری ٹیم مسلسل سرگرم عمل ہے۔ ہر موسم میں عوام کی خدمت کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ انشااللہ شہریوں اور وزیراعلیٰ کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ انہوں نے جہاں جہاں کا دورہ کیا انہیں صفائی کے اچھے انتظامات دیکھنے کو ملے۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ ہیلپ لائن پر درج کرائی گئی شہریوں کی شکایات پر ایکشن میں کوئی سُستی برداشت نہیں کروں گا۔





