مثالی گاؤں:357 دیہات کی سکیموں کیلئے ورک ایوارڈ کر دیا گیا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت 357 دیہات کی سکیموں کیلئے ورک ایوارڈ کر دیا گیا ہے۔ مزید 107 دیہات میں میونسپل سروسز کی سکیمز کیلئے کام جاری ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں مثالی گاؤں پروگرام میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ پی آر ایم ایس سی کے سی ای او خُرم پرویز نے بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دیہات اور شہروں میں یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں یہی وجہ ہے کہ جہاں شہروں کے لئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا گیا وہاں دیہی آبادی کیلئے مثالی گاؤں منصوبے کا آغاز ہوا ہے۔ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 485 دیہات کو مثالی بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اِس پروگرام کیلئے 60 ارب روپے کی منظوری دی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ابتدائی طور پر سرگودھا ڈویژن کے 41 اور ساہیوال کے 44 دیہات کو مثالی بنایا جا رہا ہے۔ گوجرانولہ ڈویژن کے 55 جبکہ گجرات کے 51 دیہات کیلئے منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح ملتان ڈویژن کے 63، ڈی جی خان کے 39 اور لاہور ڈویژن کے 50 دیہات بھی اس پروگرام میں شامل ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن کے 58، بہاولپور کے 48 اور فیصل آباد کے 36 گائوں مثالی بنیں گے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ پروگرام کے تحت ہر مثالی گاؤں میں سیوریج، واٹر سپلائی اور گلیوں کی تعمیر کی سکیمیں بنائی جائیں گی۔ دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی اس پروگرام کا اہم حصہ ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ چھپڑوں کا جوہڑوں میں تبدیل ہونا دیہی ماحولیات کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی آر ایم ایس سی سب سے پہلے چھپڑوں کی بحالی شروع کرے۔ چھپڑوں میں گرنے والے پانی کی ٹریٹمنٹ بھی کی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ جو گلی یا نالی پہلے سے بنی ہوئی ہے اُسے ہرگز نہ توڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مثالی گائوں میں پارک بنے گا جبکہ سٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے مثالی گاؤں پروگرام کا پہلا مرحلہ 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے جاری گائیڈلائنز کا ہر سکیم میں خیال رکھا جائے۔ صوبائی وزیر نے زور دیا کہ موسم برسات شروع ہونے سے پہلے کھدائی والا کام مکمل کر لیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button