چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کیلئے ٹینڈرز کھولنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹاؤن ہال کے لان میں پی ڈی پی کی جانب سے کنٹریکٹرز اور میڈیا کے سامنے بِڈز اوپننگ کی گئی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے تعیمراتی سکیموں کیلئے پیشکشوں کے عمل کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور پراجیکٹ ڈائریکٹر احمر کیفی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے فرداٌ فرداً بِڈرز سے ملاقات کی۔کنٹریکٹرز نے ٹینڈرنگ کے شفاف عمل پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے زندگی میں پہلے کبھی ایسے شفاف طریقے سے اوپننگ نہیں دیکھی”۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ آج 60 ارب کے 94 پیکیجز کیلئے پیشکشوں کو کھولا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شفاف گورننس وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرح پی ڈی پی بھی مکمل طور پر شفافیت کا حامل ہوگا۔ الحمدللہ آج مجھے کسی ایک بِڈر کی جانب سے شکایت دیکھنے کو نہیں ملی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام کنٹریکٹرز کو شرکت کا یکساں موقع فراہم کیا گیا۔ مریم نواز نے وزیراعلیٰ بنتے ہی ای بِڈنگ شروع کی، کسی کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گورننس میں نئے معیارات متعارف کرائے۔ دنیا اس شفاف گورننس کے ماڈل کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 شہروں میں سینی ٹیشن کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہونے والا ہے۔ جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب کے شہر پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔
⁹
وزیر بلدیات نے کہا کہ پہلے کبھی کسی نے 25 سال کیلئے ماسٹر پلاننگ کا نہیں سوچا تھا۔ یہ اعزاز وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو ملا کیونکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا مقصد ہی عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت شہروں میں بارانی پانی کی سٹوریج کیلئے 358 انڈر گرائونڈ ٹینک بنیں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ پائیداری کے لئے لائننگ پائپ استعمال کر رہے ہیں جو سو سال تک خراب نہیں ہوتے۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں کر رہا ہے۔ جو شیڈول جاری ہوگا اُسکے مطابق انتخابات کرا دیے جائیں گے۔






