ڈی سی لاہور کی زیر صدارت اجلاس، ایل ڈی پی فیز ٹو کا جائزہ،5774 گلیاں مکمل، 2156 جاری، 850 جلد شروع،66 فیصد پیش رفت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو مقررہ ٹائم لائن، اعلیٰ معیار اور 100 فیصد شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت اہم ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، نیسپاک، ای سی ایس پی اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ڈی پی فیز ون مکمل ہو چکا ہے جبکہ فیز ٹو کا کام تسلسل سے جاری ہے جس میں کل 8780 گلیوں میں سے 5774 گلیاں مکمل ہو چکی ہیں جو 66 فیصد بنتی ہیں، 2156 گلیوں پر کام جاری ہے جو 24 فیصد ہے، اور 850 گلیوں پر کام ابھی شروع ہونا ہے جو 10 فیصد ہے اور جلد شروع ہو جائے گا۔ مجموعی پیش رفت ہدف کے عین مطابق ہے اور فیز ٹو مقررہ ڈیڈ لائن پر مکمل ہوگا۔ نیسپاک اور ای سی ایس پی کو مکمل شدہ اور جاری ترقیاتی کاموں کی انسپکشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے، تمام حفاظتی پروٹوکولز پر عمل کیا جائے، اور معیار، ٹائم لائن اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ان گلیوں کے امین ہیں اور ان منصوبوں کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہئیں تاکہ شہری ایک لمبے عرصے تک استفادہ حاصل کر سکیں۔

جواب دیں

Back to top button