ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے بین الاقوامی سطح پر شہر کی نمائندگی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے،
جس کے تحت آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے تاریخی ٹاؤن ہال کا دورہ کیا۔ ڈی سی لاہور نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں لاہور کی قدیم و تاریخی ثقافت سمیت دورِ حاضر میں ہونے والی جدید شہری ترقی اور انتظامی اصلاحات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران آذربائیجان میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے جاری سرگرمیوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی، جبکہ ڈی سی لاہور نے ورلڈ اربن ڈویلپمنٹ فارم میں شرکت کی باضابطہ دعوت قبول کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی فورمز پر لاہور کی بھرپور نمائندگی کی جائے گی تاکہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق مزید بہتر بنایا جا سکے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تبادلوں کے پروگرام مرتب کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور واضح کیا کہ ایسی بین الاقوامی شراکت داریاں لاہور کی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس موقع پر سفیرِ آذربائیجان خضر فرہادوف نے پاکستان اور آذربائیجان کی دیرینہ دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور وہ پاکستانی ثقافت کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کے تعاون کے معترف ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر باہمی احترام اور محبت کی عکاسی کے طور پر ثقافتی تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا، جو کہ دونوں برادر ممالک کے مابین مضبوط سفارتی اور ثقافتی رشتوں کی علامت ہے۔






