ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت نکاسی آب، شہری انفراسٹرکچر کی بحالی اور عوامی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ڈی واسا، چیف آفیسر ایم سی ایل، اے ڈی سی فنانس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی سی لاہور کو شہر بھر میں نکاسی آب کی موجودہ صورتحال اور تالابوں کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واسا شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر مزید بہتر بنائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور تالابوں کی صفائی اور عوامی تحفظ کے لیے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے اور لاہور کے شہری و دیہی علاقوں سے تالابوں کا خاتمہ ایک مشن کے طور پر جاری ہے۔ ڈی سی لاہور نے افسران کو حکم دیا کہ عوامی مقامات اور نکاسی آب کے مقامات پر حفاظتی باڑ کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، کیونکہ شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے، اسی سلسلے میں تالابوں کا خاتمہ شہری انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کے ہر کونے سے کھڑے پانی کا خاتمہ یقینی بنا رہی ہے اور شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی ہماری اولین انتظامی ترجیح ہے۔ اس حوالے سے تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





