ڈی سی لاہور کا تحصیل شالیمار کا دورہ، دھرم پورہ، چراغ بی بی روڈ اور کوٹلی عبدالرحمان میں انتظامی امور کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب ویژن” کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور کی فیلڈ کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی سی لاہور نے تحصیل شالیمار کے علاقوں دھرم پورہ، چراغ بی بی روڈ اور کوٹلی عبدالرحمان کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور واسا حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈی سی لاہور کو صفائی کے انتظامات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور انسدادِ ڈینگی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت کوٹلی عبدالرحمان میں 200 گلیوں کی تعمیر و مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بقیہ 126 گلیوں پر کام انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ ڈی سی لاہور نے تعمیراتی کام کے معیار کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے کا ضامن ہے، اس لیے تمام منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تمام ڈیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کا کوئی بھی گوشہ صفائی سے محروم نہیں رہنا چاہیے، خصوصاً کرب سٹون کی صفائی، شاہراہوں کی واشنگ اور بہترین ویزیبلٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ٹیموں کو حکم دیا کہ ڈینگی لاروا کی بروقت نشاندہی کریں اور اس کی فوری تلفی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سخت تنبیہ کی کہ جس مقام سے لاروا برآمد ہو، اس کے گرد و نواح کے کم از کم دس گھروں میں فوری اور جامع سپرے کیا جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ عوامی سہولت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور شہری کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کے ہیلپ لائن نمبر 03070002345 یا آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button