کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن میں بین الاقوامی تعاون کے ایک نئے اور اہم دور کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن اور یورپی انویسٹمنٹ بینک (EIB) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت شہر میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس کے قیام اور پانی کے نظام کی بہتری کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ تقریب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد علی اور ہیڈ آف ڈویژن (EIB) ایڈوارڈاس بُمشٹیناس نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر سی او او انجینئر اسداللہ خان، سی ایف او عمار علی خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر KWSSIP عائشہ حمید، چیف کمیونیکیشن آفیسر نوید صدیقی، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز، چیف انٹرنل آڈیٹر مہناج الرحمن، چیف ای اینڈ ایس وقار شاہ، فوکل پرسن (EIB) پروگرام انتخاب راجپوت اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ یورپی یونین کی جانب سے سفیر برائے پاکستان ریمونڈس کاروبلس، ہیڈ آف کوآپریشن جیرون ولمس اور لون آفیسر مارکو آرین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق معاہدے کے تحت گھارو اور پپری پمپنگ اسٹیشنز پر جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے جائیں گے، جبکہ فلٹریشن نظام کی جدید ڈیزائننگ اور مؤثر نگرانی بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔ منصوبے کا مقصد پانی کے نظام کی کارکردگی میں بہتری لانا اور بین الاقوامی مالی معاونت کے ذریعے شہر کے واٹرسسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یورپی انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے 10 سال بعد پاکستان میں سرمایہ کاری کا آغاز ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی جانب اہم قدم ہے کیونکہ کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے جدید اور پائیدار واٹر مینجمنٹ سسٹم ناگزیر ہوچکا ہے اور اس نوعیت کے بین الاقوامی اشتراک سے نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی بلکہ بنیادی ڈھانچے کو بھی مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں اداروں کے درمیان قریبی تعاون سے بڑے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، جس سے پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری اور وسائل کے پائیدار استعمال کو فروغ ملے گا۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کے منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور یہ معاہدہ شہر کے پانی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ آئندہ بھی یورپی انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے مزید ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن کے مثبت اثرات مستقبل میں نمایاں طور پر سامنے آئیں گے۔





