میرا پنجاب بھی کیا خوبصورت رنگ روپ اختیار کر رہا ہے- اب سڑکوں پر جائیں تو صفائی نظر آتی ہے اور تجاوزات یا ریڑھیوں کی بے ترتیب قطاریں غائب ہیں- آن لائن سہولیات کا دائرہ روز بروز وسیع ہو رہا ہے اور گھر بیٹھے گاڑیوں کا ٹرانسفر اور دیگر کئی سروسز مل رہی ہیں- سی سی ڈی اور سیف سٹی اتھارٹی کے باعث وارداتوں کا خطرہ بھی کم ہو گیا ہے- ایران اور امریکہ کی جنگ کے تناظر میں دنیا میں جب کئی معاشی مسائل سامنے آئے تو یہاں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر مفت کر دیا گیا-
سرکاری ہسپتالوں میں ادویات پہلے سے بہتر طور پر مل رہی ہیں- باقی صوبوں کو دیکھیں تو وہاں کے عوام رشک کرتے ہیں کہ کاش انہیں بھی اہل پنجاب جیسی سہولیات مل سکیں- یہ تبدیلی صرف ایک کرشماتی شخصیت کی مرہون منت ہے جس کا نام ہے مریم نواز شریف- کوئی بھی شعبہ اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو بہتری ہی نظر آئے گی۔ اب چونکہ عیدالاضحٰی کا موقع ہے تو صرف اسی پر بات کرتے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے امسال پنجاب بھر میں 288 کیٹل سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کیٹل مارکیٹنگ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیرانتظام کچھ منڈیاں چھوڑ کر باقی تمام سیل پوائنٹس پر بیوپاریوں کو تمام خدمات بلامعاوضہ مہیا کی جا رہی ہیں۔ کسی بیوپاری کو مقررہ جگہوں کے سوا جانور بیچنے کی اجازت نہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے گزشتہ سال کی طرح اب بھی منڈیوں میں بیوپاریوں کو تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو میڈیا کے ذریعے تفصیلات فراہم کیں- عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر نگرانی اس مرتبہ بھی مویشی منڈیوں کے انتظامات کے لئے بھرپور تیاری کئی ہفتے پہلے ہی شروع کر دی گئی تھی۔متعلقہ اداروں نے ایک ماہ قبل ہی جامع منصوبہ بندی پر کام شروع کر دیا تھا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے بھر میں صرف مخصوص اور منظور شدہ مقامات پر ہی مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ غیر قانونی منڈیوں کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہترین ماحول میسر آ سکے۔ “ستھرا پنجاب” وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک فلیگ شپ پروگرام بن چکا ہے، جس کی مثالیں نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی دی جا رہی ہیں۔ دیگر صوبے بھی اس منصوبے کی تفصیلات میں دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ عوام کی سہولت کیلئے ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرافورس اور دیگر ادارے منڈیوں میں مکمل طور پر متحرک ہیں تاکہ عوام کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ لاہور کے علاقے شاہ پور کانجراں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کیٹل مارکیٹ قائم کی گئی ہے جہاں سکیورٹی کا مؤثر نظام نافذ ہے۔ ماضی میں بیوپاریوں کے ساتھ فراڈ اور چوری جیسے واقعات پیش آتے تھے مگر الحمدللہ اس مرتبہ اب تک ایسا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، جو مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس سال صفائی اور خوبصورتی کے انتظامات میں بھی جدت لائی گئی ہے۔ عرقِ گلاب اور چونے کے استعمال سے نہ صرف ماحول کو خوشگوار بنایا جا رہا ہے بلکہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عوامی مقامات کو بھی عرقِ گلاب سے دھونے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ہر طرف صفائی، خوشبو اور خوبصورتی کا احساس نمایاں ہو۔ حکومت پنجاب عوام کو صاف، محفوظ اور منظم ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے شب و روز متحرک ہیں۔ پری عید پریس کے دوران وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر اس بار عیدالاضحیٰ پر پچھلے سال سے بہتر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں عیدالاضحیٰ صفائی آپریشنز کی تفصیل بتاتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ عید کے لئے اضافی وسائل کا بندوبست کیا گیا ہے۔ امسال پنجاب بھر میں 7 ہزار ویسٹ کولیکشن پوائنٹس، ویسٹ انکلوژرز اور خندقیں بنائی گئی ہیں جہاں الائشوں کو ڈمپ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ آلائشوں کو جمع کرنے کے لئے جامع انتظامات کئے جائیں چنانچہ پہلی بار سُتھرا پنجاب کے سپیشل سکواڈ رکشہ لوڈرز پر لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے ہر علاقے میں جائیں گے اور اہلِ علاقہ سے آلائشیں وصول کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری خالی پلاٹوں، نالوں یا نہروں میں آلائشیں ہرگز نہ پھینکیں ورنہ پچاس ہزار روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید سے ایک رات قبل صفائی پلان پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ عیدگاہوں، مساجد اور اجتماعی قربانی کے مقامات کو صاف کیا جائے گا۔ عید آپریشنز میں ایک لاکھ 84 ہزار ورکرز حصہ لیں گے اور یہ آپریشن عید کے چوتھے روز تک متواتر چلتا رہے گا۔ لاہور میں نہر میں کشتیوں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔ سیف سٹی کے کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے بتایا کہ 20 لاکھ کلو سے زائد چونے، ایک لاکھ پچاس ہزار لٹر فینائل اور 40 ہزار لٹر عرقِ گلاب کا استعمال کر کے تعفن کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔ پنجاب بھر میں 4500 عید آپریشن کیمپ لگائے جائیں گے۔ قربانی والی گھروں کا سروے کر لیا گیا ہے اور اس بار 12 ملین ماحول دوست بیگز تقسیم کئے جائیں گے۔
عیدالاضحٰی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ ہم مسلمان ہیں اور ہمیں اپنے طرزِ عمل میں بھی اس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ گندگی پھیلانا، جگہ جگہ آلائشیں پھینک دینا اور تعفن پیدا کرنا کسی طور مناسب نہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ صفائی کے نظام کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ صرف حکومت اکیلے کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام ساتھ نہ دیں۔ “ستھرا پنجاب” پروگرام عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے شروع کیا گیا ہے لیکن اس میں شہریوں کی ذمہ داری بھی بہت اہم ہے۔ گزشتہ سال عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں نے مثالی تعاون کیا تھا، جس کی وجہ سے “ستھرا پنجاب” کو بھرپور پذیرائی ملی۔ اس سال بھی ہمیں اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھنا ہے تاکہ بیماریاں اور بدبو نہ پھیلیں۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ جو کارکن عید کے دنوں میں ہماری پھیلائی ہوئی گندگی کو صاف کرتے ہیں، وہ حقیقی ہیروز ہیں۔ شہری ان کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آئیں، انہیں سہولت دیں، پانی پلائیں اور ان کے کام کی قدر کریں۔ حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے خصوصی بیگز اور کولیکشن پوائنٹس کا انتظام کیا ہے۔ اگر شہری تعاون کریں اور مقررہ مقامات پر آلائشیں رکھیں تو نہ جرمانہ ہوگا اور نہ صفائی کا مسئلہ پیدا ہوگا۔
خود وزیراعلی بھی تمام عید آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50 ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی ہے۔
عوامی مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز نے جرمانے سے عوام کو بچانے کے لئے ہدایت کی ہے کہ ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی جامع ابلاغ عامہ مہم چلائی جائے۔ اس حوالے سے ستھرا پنجاب اتھارٹی نے کام شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹیوں میں بھی عید پر صفائی یقینی بنائی جائے۔ عیدالاضحی پر ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں نمایاں 2687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ عیدالاضحی پر باقیات اور آلائشیں ڈالنے کے لئے ڈی گریڈ ایبل بیگ مہیا کئے جائیں گے-
ستھرا پنجاب عملہ ڈور ٹو ڈور کولیکشن کرے گا- بریفنگ
میونسپل کارپوریشن اور تحصیلوں میں 15،15 اور ہر یوسی میں 4 اضافی لوڈر رکشے مہیا کئے جائیں گے۔ عید کی رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائے گی۔ ایسا پہلی بار ہو رہا ہے۔
مریم نواز شریف کی گورننس ایک ماڈل بن کر سامنے آئی ہے۔ وہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا جانتی ہیں۔ وزرات اعلی سنبھالنے کے بعد سے انہوں نے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر چیلنجز سے نمٹنا شروع کر دیا- ستھرا پنجاب کی بات پر بڑے بڑے لوگوں نے کہا کہ یہ ایک ہوائی قلعہ ہے لیکن وقت نے ثابت کر دیا کہ ان کا ویژن بالکل ٹھیک تھا۔ آج ایک لاکھ 70 ہزار ورکرز کے ساتھ ستھرا پنجاب دنیا کا سب سے بڑا صفائی کا پروگرام بن چکا ہے- یہ ہمارے ہیروز گرمی سردی، بارش طوفان کی پرواہ کئے بغیر پنجاب کے شہریوں کی سہولت کے لئے سرگرم عمل رہتے ہیں۔ امید ہے کہ عوام کو عیدالاضحٰی پر گزشتہ سالوں سے کہیں بہتر انتظامات نظر آئیں گے۔ شہری بھی تعاون کریں گے تو مریم نواز کا پنجاب حقیقی معنوں میں سوہنا بن جائے گا۔






