وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے فیصل آباد کا دورہ کر کے عیدالاضحٰی پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے ملاقات میں کیٹل سیل پوائنٹس پر سہولیات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمشنر آفس میں عید انتظامات پر بریفنگ میں فیصل آباد ڈویژن کے دیگر اضلاع کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ٹیم ورک کے ساتھ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق عید پر صفائی کا اعلی معیار یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ستھرا پنجاب کی ٹیمیں گلی محلوں سے الائشیں اٹھانے کیلئے میگا فونز کا استعمال کریں گی۔ شہریوں کو ستھرا پنجاب کی ٹیمیں گلی فیلڈ میں متحرک نظر آنی چاہئیں۔ صوبائی وزیر نے الائشیں جمع کرنے کے لئے ڈور ٹو ڈور ویسٹ بیگز کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قربانی کے مقامات، سڑکوں کو چونے، فینائل اور عرق گلاب سے دھویا جائے گا۔ ہمیں شہریوں اور وزیراعلی کی توقعات سے بڑھ کر سروسز فراہم کرنا ہوں گی۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ دیہات میں سیکرٹری یونین کونسلز کو ایریاز تقسیم کرکے انہیں فیلڈ میں نکالیں۔ لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی مانیٹرنگ کے عمل میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ایریاز اور ٹریکس کے لئے ستھرا پنجاب کی مستقل ٹیمیں مامور کی جائیں۔ اپنے دورے میں صوبائی وزیر نے چوک گھنٹہ گھر فیصل آباد اور ملحقہ بازاروں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے دکانداروں اور شہریوں میں ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کئے۔ وزیر بلدیات نے اپیل کی کہ شہری عید قربان پر ستھرا پنجاب کے ورکرز سے تعاون کریں اور خالی پلاٹوں یا نہروں میں آلائشیں پھینکنے سے گریز کریں۔ ذیشان رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے احکامات پر عید پر صفائی کی معیاری خدمات مہیا کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ فیصل آباد ڈویژن میں عید صفائی پلان کے تمام انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہیں۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں۔ عید سے پہلے رات کے وقت صفائی اپریشن شروع ہوجائے گا۔ کسی جگہ سستی نظر آئی تو ایکشن لیا جائے گا۔






