پنجاب نے صفائی کا نیا ریکارڈ قائم کیا،دیگر صوبے بھی ستھرا پنجاب سے سیکھیں، مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے عیدالاضحیٰ پر صوبے بھر میں صفائی کے گرینڈ آپریشن کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی ہے اور جو صوبہ اچھا کام کرے، دوسرے صوبوں کو بلا جھجک اس سے سیکھنا چاہیے۔

وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے دھماکے دار اعلان کیا کہ شدید گرمی اور سخت موسم کے باوجود گراؤنڈ پر ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے ‘ستھرا پنجاب’ کے ورکرز کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے 10،10 ہزار روپے فی کس نقد انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں 41 ہزار سے زائد شہریوں نے حکومتی ہیلپ لائن پر اعتماد کیا، جبکہ مویشی منڈیوں سے لے کر گلی کوچوں تک چوبیس گھنٹے صفائی مانیٹر کی گئی، جس کی وجہ سے یہ مہم سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی۔ مریم اورنگزیب نے مون سون اور سیلاب کے امکانی خطرات پر دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا "اللہ نہ کرے کہ صوبے کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے، لیکن عوام بے فکر رہیں، مریم نواز حکومت کی پیشگی تیاریاں 100 فیصد مکمل ہیں اور اس ہنگامی پلاننگ سے متعلق میں خود اگلے چند روز میں میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دوں گی۔پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی صحت کے حوالے سے جاری افواہوں اور پروپیگنڈے کا خاتمہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اللہ کا شکر ہے مریم نواز کی سرجری مکمل طور پر کامیاب رہی ہے۔ یہ آپریشن لاہور کے شریف میڈیکل سٹی میں ہی انجام دیا گیا ہے اور وہ اپنے علاج معالجے کے لیے بیرونِ ملک کہیں نہیں جا رہیں بلکہ جلد دوبارہ عوامی مہم کی قیادت سنبھالیں گی۔

جواب دیں

Back to top button