بلدیہ عظمٰی لاہور کے میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشنز کاشف جلیل کی زیر صدارت انفورسمنٹ ونگ کے تمام انفورسمنٹ انسپکٹرزکے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران انہوں نے ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہر بھر میں وال چاکنگ کے خاتمے اور محرم الحرام کے جلوسوں و مجالس کے روٹس کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک رکھنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
۔انہوں نے تمام انفورسمنٹ انسپیکٹرز کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے پیش نظر روٹس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے، غیر قانونی وال چاکنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور عوامی سہولت و سکیورٹی کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک رکھا جائے۔ مزید برآں فیلڈ سٹاف کو ہدایات دی گئیں کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی جائے اور تمام امور بروقت مکمل کیے جائیں۔






