وزیر اعلٰی مریم نوازشریف کی واضع ہدایت ہے یونین کونسلوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، خواجہ عمران نذیر

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پی پی -150 کی تمام یونین کونسلوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی واضح ہدایات ہیں کہ مقامی نمائندوں کی مشاورت سے ضلعی انتظامیہ انکے مسائل حل کریں۔حلقہ کی تمام یونین کونسلوں میں قائم ڈسپنسریوں کی ریویمپنگ کی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار اپنے حلقہ پی پی -150 میں یونین کونسل سطح پر پاکستان مسلم لیگ لاہور کے نامزد چیئرمینوں اور وائس چئیر مینوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی پی-150 میں درپیش ترقیاتی، صفائی، صحت عامہ، تجاوزات سمیت دیگر مسائل زیر بحث آئے.پاکستان مسلم لیگ لاہور کے نامزد چئیر مینوں اور وائس چئیر مینوں نے اپنی اپنی یونین کونسل کے مسائل سے صوبائی وزیر صحت کو آگاہ کیا۔خواجہ عمران نذیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گلی اور محلہ کی سطح پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے آئندہ ڈینگی ورکرز بھرتی نہیں کیے جائیں گے، وولنٹیرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ وولنٹیرز کی خدمات لینے کے سلسلہ میں پی پی-150 سے پائلٹ پراجیکٹ جلد شروع کیا جائیگا۔انسداد ڈینگی کے لئے وولنٹیرز کی خدمات لینے کے لئے سپیشل کارڈز جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر متعلقہ گھر کے باہر سرخ سٹیکر چسپاں کیا جائے گا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں کے ترقیاتی کاموں کا ماہانہ اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں اور ورکرز کو انکا جائز مقام دیا جائیگا۔یہ ہماری ورک فورس ہیں انکو کسی بھی سطح پر نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی، تحصیل انتظامیہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پی پی-150 میں مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ٹاؤن ڈاکٹر انعم فاطمہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button