*وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی مجموعی فزیکل پراگریس 92 فیصد سے تجاوز، 205 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں*

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جاری پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام تیزی سے اپنے اہداف کی جانب بڑھ رہا ہے اور مجموعی فزیکل پراگریس 92 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔ صرف چھ ماہ کی قلیل مدت میں ترقیاتی منصوبوں کے بیشتر حصے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب کے 15 اضلاع میں واسا ایجنسیاں 205 ارب روپے کی لاگت سے شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ ان منصوبوں میں پیچیدہ انجینئرنگ نوعیت کے ترقیاتی کام بھی شامل ہیں، جنہیں مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 2,265 کلومیٹر نئی سیوریج لائنوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے، جبکہ 189 کلومیٹر برساتی ڈرینز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ مون سون کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔مزید بتایا کہ منصوبے کے تحت 27 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ 59 موجودہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ بارشی پانی کو محفوظ بنانے اور اربن فلڈنگ کے خطرات میں کمی کے لیے 9 میگا واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق عام تعطیلات اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باوجود ترقیاتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھی گئیں۔ اگرچہ بعض مقامات پر بارشوں کی وجہ سے کام عارضی طور پر متاثر ہوا، تاہم مجموعی پیش رفت مقررہ اہداف کے مطابق برقرار ہے اور تمام متعلقہ ادارے بروقت تکمیل کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو جدید، محفوظ اور پائیدار شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر کے عوام کو بہتر سیوریج، نکاسیٔ آب اور شہری انفراسٹرکچر کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

جواب دیں

Back to top button