آئندہ مون سون سیزن کے پیش نظر شہر کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے تمام اضلاع میں نالوں کی صفائی کی جامع مہم شروع کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد بارش کے پانی کی روانی کو بہتر بنانا، اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کرنا اور شدید بارشوں کے دوران بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنانا ہے۔بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں موجود 45 بڑے برساتی نالوں کی دیکھ بھال اور صفائی کی ذمہ دار ہے۔ اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت آپریشن جاری ہے تاکہ مون سون کی آمد سے قبل تمام بڑے نکاسی آب کے راستوں سے کیچڑ، ملبہ، کچرا اور دیگر رکاوٹیں مکمل طور پر دور کی جاسکیں۔ صفائی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مختلف مقامات کا دورہ کیا،
جن میں ہجرت کالونی نالہ بھی شامل ہے، جو شہر کے اہم نکاسی آب کے راستوں میں سے ایک ہے اور متعدد گنجان آباد علاقوں سے بارش کا پانی لے کر گزرتا ہے۔ اس موقع پر میئر کراچی کے ہمراہ میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز بھی موجود تھے۔دورے کے دوران سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نے میئر کراچی کو نالوں کی صفائی کے جاری کام، آپریشن کے شیڈول، مشینری کی تعیناتی اور مون سون بارشوں سے قبل صفائی کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔میئر کراچی نے محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کا شیڈول کے ایم سی کی سرکاری ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوام کے لیے جاری کیا جائے تاکہ شہریوں کو آپریشن کی پیش رفت اور ان علاقوں کے بارے میں معلومات حاصل رہیں جہاں صفائی کا کام جاری ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ مون سون سے کافی پہلے تمام بڑے نالوں کی صفائی مکمل کرلی جائے تاکہ بارش کا پانی باآسانی بہہ سکے اور شہری سیلاب کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کیا جاسکے۔ گزشتہ سال ہماری ٹیموں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس سال ہم جامع منصوبہ بندی، بہتر رابطہ کاری اور واضح شیڈول کے ساتھ مزید بہتر تیاری کررہے ہیں،میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کراچی کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، کچرا صرف مقررہ مقامات پر ڈالیں اور نالوں و برساتی گزرگاہوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں،انہوں نے کہاکہ اس مہم کی کامیابی صرف حکومتی اقدامات پر منحصر نہیں بلکہ عوامی تعاون بھی انتہائی ضروری ہے، میں ہر شہری سے درخواست کرتا ہوں کہ نالوں میں کچرا پھینکنے سے اجتناب کرکے کراچی کو صاف رکھنے میں ہماری مدد کریں، ہم سب مل کر شہر کو سیلاب اور ماحولیاتی مسائل سے محفوظ رکھ سکتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے بعد اقدامات کرنے کے بجائے پہلے سے حفاظتی اقدامات پر یقین رکھتی ہے،انہوں نے کہاکہ ہماری ترجیح تیاری ہے، آفات کے آنے کا انتظار کرنا نہیں۔ ہماری ٹیمیں چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں تاکہ صفائی کا عمل مقررہ وقت پر مکمل ہو، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور مون سون کے دوران کراچی کو مضبوط اور محفوظ رکھا جاسکے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہری انفرااسٹرکچر کے تحفظ، رہائشی و تجارتی علاقوں کو بارش کے پانی سے محفوظ رکھنے اور بروقت منصوبہ بندی و مربوط اقدامات کے ذریعے شہریوں کو مؤثر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کرتی رہے گی۔





