میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا اہم مرکز اور کاروباری سرگرمیوں کا محور ہے، ملک کی معاشی ترقی براہ راست کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے، ہمیں اپنے بڑے شہروں کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی کے عوام نے اعتماد کا مینڈیٹ دیا ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندے شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مسائل کے حل اور شہر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں
، کراچی بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنایا جائے۔یہ بات انہو ں نے پیر کے روز کے ایم سی کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (PIMPD)،لاہورکے 29 ویں پبلک پالیسی اینڈ گورننس(PPG) کورس کے شرکاء کا بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مطالعاتی دورہ میں ملاقات کے دوران کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد، ڈائریکٹر میڈیا پبلک ریلیشن اینڈ پبلی کیشن ڈپارٹمنٹ دانیال سیال اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق جاری ہیں جس کے باعث کراچی ترقی کی نئی منزلوں کی جانب بڑھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں بہتری کے لیے مسلسل کام جاری ہیں ہمیں یہ بات سمجھنی ہوگی کہ کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان مضبوط ہوگا، شہر میں صنعت اور تجارت کو فروغ ملے گا تو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، تعلیمی اداروں کا معیار بہتر ہوگا تو ہنرمند افرادی قوت میسر آئے گی جبکہ شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری سے عوام کو درپیش روزمرہ مسائل میں کمی آئے گی اور معیار زندگی بلند ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنے شہر کو اپنا سمجھے اور کراچی کی بہتری کے لیے صوبائی و شہری حکومت کی جانب سے جاری اقدامات میں بھرپور تعاون کرے، انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں اسی طرح اپنے شہر کو بھی صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، کراچی ایک نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ کراچی آج بھی روزانہ ہزاروں افراد کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور یہ شہر ہمیشہ کی طرح کھلے دل سے ہر آنے والے کو خوش آمدید کہتا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے لوگ کراچی آتے ہیں اور یہاں کے اسپتالوں سے مفت طبی سہولیات حاصل کرتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی شعبے کی ترقی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی، بروقت عملدرآمد اور مسلسل نگرانی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، یہی بہتر انتظامی حکمت عملی کا حصہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اسی وژن کے تحت اقدامات کررہی ہے، ترقی اور بہتری کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا،اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کی کارکردگی اور امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی بلدیاتی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (PIMPD)،لاہورکے 29 ویں پبلک پالیسی اینڈ گورننس(PPG) کورس کے شرکاء نے اپنے اس دورے کو مفید قرار دیا اور کراچی کے حوالے سے مفید اور معلوماتی تفصیلات فراہم کرنے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی نے پبلک پالیسی اینڈ گورننس کورس کے شرکاء کے سربراہ کو کے ایم سی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی دی۔





