کسی جگہ مشینری کی کمی ہے تو سیکرٹری بلدیات کے نوٹس میں لایا جائے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا چیف افسران سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں خطاب

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کی وارننگ کے مطابق ہر شہر میں پیشگی انتظامات کئے جائیں۔ کسی دوسرے شہر میں نکاسی آب کی صورتحال زیادہ خراب ہو تو مشینری وہاں بھیجی جائے اور اس کیلئے کسی اجازت کا انتظار نہ کیا جائے۔ ساندہ روڈ پر لوکل گورنمنٹ بورڈ کمپلیکس میں پنجاب بھر کے میونسپل چیف افسروں کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر میونسپل اداروں کی 10 سال سے پرانی مشینری تبدیل کی جارہی ہے۔

اگر کسی جگہ مشینری کی کمی ہے تو سیکرٹری بلدیات کے نوٹس میں لائی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ احمر کیفی بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مون سون بارشوں اور نکاسی آب کی مشینری کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے آبادی کے تناسب سے جیٹنگ مشینوں، سکرز اور ڈی سلٹنگ یونٹس کی تقسیم یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسلز کا سٹاف فوری ایکشن لے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ باقاعدگی سے چیف افسروں کے ساتھ میٹنگز کرکے درپیش مسائل کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا کام مون سون کے اختتام تک جاری رہے گا۔ کسی جگہ مین ہولز کے ڈھکن نہ پائے گئے تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ جن شہروں میں واساز موجود ہیں وہاں بھی میونسپل سٹاف نکاسی آب کے کام میں ضلع انتظامیہ سے تعاون کرے گا تاکہ عوام کیلئے فوری ریلیف ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button