ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر علی اعجاز کاچہلم امام حسین علیہ السلام کے روٹ اور داتا دربار کے ایریا کا دورہ

ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر علی اعجاز نےچہلم امام حسین علیہ السلام کے روٹ اور داتا صاحب کے ایریا کا دورہ کیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف اور میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشنز جواد الحسن گوندل بھی ہمراہ تھے۔لاہور میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے پرامن انعقاد اور عزاداروں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے حویلی الف شاہ سے کربلا گامے شاہ تک مرکزی اور روایتی روٹ کا پیدل تفصیلی معائنہ کیا تاکہ سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دورے کے دوران انتظامیہ نے واضح کیا کہ عزاداروں کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور لیسکو سمیت تمام الائیڈ ایجنسیوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے روایتی راستوں کا دورہ کرتے ہوئے دہلی دروازہ، رنگ محل اور بازارِ حکیماں میں سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا عامر لیاقت اور جلوس کے منتظمین نے انتظامیہ کو روٹ کی حساسیت اور عزاداروں کی ضروریات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے بھاٹی چوک پر سکیورٹی کو مزید موثر اور فول پروف بنانے کی ہدایت کی، کیونکہ اس مقام پر تعمیراتی کام جاری ہیں اور یہ مقام کربلا گامے شاہ کے اختتامی پوائنٹ کے قریب ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں الرٹ رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بھی اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام سکیورٹی اور انتظامی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ایک پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیموں کو روٹ پر روشنی اور صفائی کے انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عزاداروں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشنز جواد الحسن گوندل نے بتایا کہ چہلم کے روٹ اور داتا دربار کے گردونواح سے تجاوزات مکمل ختم کر دی گئی ہیں۔خصوصی اسکواڈز فالو اپ آپریشن بھی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایات کے مطابق ایم سی ایل کا شعبہ ریگولیشن 24 گھنٹے متحرک ہے۔پولیس کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بہتر بنایا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button