پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کا خطاب

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ایک عظیم نعمت ہے، آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھنا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے،پاکستان کی ترقی میں محنت کش طبقے کا کردار انتہائی اہم ہے، مزدور اور محنت کش ملک کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ہمیں اپنے محنت کش بھائیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے ہوں گے،یہ بات انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کے موقع پر کہی،اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں، پاکستان پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر جاوید ناگوری، منتخب نمائندوں، سٹی کونسل کے اراکین، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و اہلکاروں، پیپلز لیبر بیورو کے عہدیداران اور کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، تقریب میں جشنِ آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں اتحاد، یکجہتی، بھائی چارے اور قومی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کا پیغام دیتا ہے، پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button