بلدیہ عظمیٰ کراچی کا نشترروڈ، گارڈن چورنگی پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانےکیلئے فلائی اوور تعمیر کرنے کا فیصلہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نشتر روڈ،گارڈن چورنگی پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے جو لیاری ایکسپریس وے کو گارڈن روڈ اور نشتر روڈ سے ایک تیز رفتار ٹریفک کوریڈور کے ذریعے منسلک کرے گا، منصوبے کا مقصد اس اہم مقام پر طویل عرصے سے جاری ٹریفک کی مشکلات کا خاتمہ، اولڈ سٹی ایریا اور اہم تجارتی مراکز تک رسائی کو بہتر بنانا اور شہریوں، تاجروں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کے لیے ٹریفک کی روانی کو مزید ہموار، تیز اور مؤثر بنانا ہے، یہ بات انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محکمہ انجینئرنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں مجوزہ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام تکنیکی اور انتظامی تقاضے جلد مکمل کیے جائیں اور ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام کا آغاز جلد از جلد ممکن بنایا جاسکے،مجوزہ فلائی اوور کی تعمیر پر تقریباً ایک ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ گارڈن کے علاقے کو نشتر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور اطراف کے تجارتی و رہائشی علاقوں سے ملانے والے اہم چوراہے پر ٹریفک کی روانی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا، منصوبہ ضروری انتظامی کارروائیوں اور تعمیراتی مراحل سمیت ایک سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مجوزہ فلائی اوور محض ایک انفراسٹرکچر منصوبہ نہیں بلکہ کراچی میں رابطہ کاری کو بہتر بنانے، ٹریفک کی روانی کے لیے مزید مؤثر راستے فراہم کرنے اور شہر کے مصروف ترین تجارتی، رہائشی اور عوامی مقامات تک رسائی آسان بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے،انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد صرف فلائی اوور کی تعمیر نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں، تاجروں اور شہر میں آنے والے افراد کے لیے رابطوں، رسائی اور آمدورفت کے نئے اور مؤثر راستے کھولنا ہے، ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کام کررہے ہیں کہ شہریوں کو شہر میں آمدورفت کے دوران زیادہ سہولت حاصل ہو اور کراچی کے اہم ٹریفک کوریڈورز بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں،میئر کراچی نے کہا کہ شہر کراچی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کے شعبوں میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، سڑکوں کی بحالی، گلیوں کی بہتری اور دیگر بلدیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم اور حساس مقامات پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ٹریفک انجینئرنگ کے منصوبے بھی ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ روزانہ ہزاروں شہری اور تاجر صدر، نشتر روڈ، اولڈ سٹی ایریا اور ملحقہ تجارتی علاقوں کی جانب سفر کرتے ہیں جبکہ کراچی چڑیا گھر جیسے مقامات پر بھی خصوصاً ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بڑی تعداد میں شہری آتے ہیں، مجوزہ فلائی اوور کی تعمیر سے ایک زیادہ مؤثر ٹریفک کوریڈور قائم ہوگا اور موجودہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا کہ ہم بیک وقت بڑی شاہراہوں، ہزاروں گلیوں کی بہتری اور اب فلائی اوور جیسے بڑے ٹریفک انفراسٹرکچر منصوبوں پر بھی کام کررہے ہیں، مقصد واضح ہے کہ کراچی کو ہر شہری کے لیے مزید مربوط، قابل رسائی اور آسان آمدورفت والا شہر بنایا جائے، میئرکراچی نے کہا کہ یہ منصوبہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت کے کراچی میں بلدیاتی انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے عزم کا عکاس ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن راستہ اختیار کررہی ہے اور شہر بھر میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبے جاری ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارے مخالفین سڑکوں پر شور مچاتے رہیں گے جبکہ ہم سڑکوں پر کام کررہے ہیں، یہی عوام دوست اور عوام مخالف سیاست میں فرق ہے، ہمارے منصوبے اور ترقیاتی اسکیمیں خود اپنی کارکردگی بیان کریں گی اور کراچی کے عوام سے ہماری وابستگی کا عملی ثبوت پیش کریں گی، انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ شہر کے مخصوص علاقوں تک محدود رہنے کے بجائے پورے کراچی میں ترقیاتی کام کررہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایک شہر ہے اور اس کے تمام شہری یکساں توجہ، مساوی مواقع اور یکساں ترقی کے حق دار ہیں۔ ہم پورے شہر میں کام کررہے ہیں اور یہی اس بات کی واضح علامت ہے کہ کراچی کے انتظام و انصرام کے طریقہ کار میں ایک اہم تبدیلی آئی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ حکومت اور شہریوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا بھی اس حکمت عملی کا حصہ ہے تاکہ عوامی نمائندے اور سرکاری ادارے شہریوں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انداز میں جوابدہ ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی قیادت، جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اول بی بی آصفہ زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شامل ہیں، عوام سے رابطے میں رہنے اور ان کی روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے،میئر کراچی نے کہا کہ نشتر روڈ،گارڈن فلائی اوور کراچی کو مزید مربوط اور فعال شہر بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، جہاں انفراسٹرکچر کی ترقی کو شہریوں کی روزمرہ ضروریات سے براہ راست منسلک کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن ان فاصلوں کو ختم کرنا ہے جو مختلف علاقوں، بڑی شاہراہوں،مقامی سڑکوں،عوام اور حکومت کے درمیان موجود ہیں، ترقی اسی وقت بامعنی ہوتی ہے جب اس سے عام شہری کی روزمرہ زندگی آسان ہو، ہمارے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی پروگرام کے پیچھے یہی سوچ کارفرما ہے،میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی ٹینڈرنگ کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور باقیماندہ انتظامی کارروائیوں کو بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے، انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تفصیلی ٹائم لائن اور تکمیل کی حتمی مدت منصوبہ ٹھیکیدار کو تفویض کیے جانے کے بعد مقرر کی جائے گی،اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، مشیر مالیات کے ایم سی گلزار ابڑو، کے ایم سی محکمہ انجینئرنگ کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔مجوزہ نشتر روڈ،گارڈن فلائی اوور کراچی کے بدلتے ہوئے ٹریفک انفراسٹرکچر میں ایک اہم اضافہ ثابت ہونے کی توقع ہے، جو شہر کے مرکزی تجارتی مراکز، اولڈ سٹی ایریاز اور اہم رہائشی علاقوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ شہری آمدورفت کے نظام کو زیادہ مؤثر اور ٹریفک کے دباؤ سے پاک بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button