میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ اور ملک و شہر کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں شہری ترقی کے عمل میں مؤثر طور پر شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں، انہوں نے یہ بات عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت سندھ کابینہ کی صدر سمن نے کی، ملاقات میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، شہری امور میں ان کی شمولیت، ماحولیاتی تحفظ اور کراچی کی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے موقع پر حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی
جس میں پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین نے ذمہ دارانہ نوجوان قیادت، شہری ذمہ داری اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا، وفد نے کراچی کے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور شہری ترقی میں نوجوانوں کی شمولیت کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں، وفد نے تجویز پیش کی کہ نوجوانوں کے لیے کو ورکنگ اسپیسز قائم کیے جائیں، دستیاب جگہ اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار ایسے مراکز قائم کیے جاسکتے ہیں جہاں ہنرمندی پر مبنی ورکشاپس اور تربیتی پروگرام بھی منعقد ہوں تاکہ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ اور فری لانسنگ کی مہارتیں حاصل کرنے کے مزید مواقع میسر آسکیں،ایسے مراکز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لیے آمدنی کا ایک پائیدار ذریعہ بننے کے ساتھ ساتھ شہر کے نوجوانوں کو مثبت اور پیداواری ماحول فراہم کرسکتے ہیں، پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد نے کراچی میں حیاتیاتی تنوع، مینگرووز کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے بھی اپنی تجاویز پیش کیں۔ ماحولیات سے وابستہ اراکین کے ذریعے نوجوان رضاکار اور افرادی قوت فراہم کی جائے گی جو شجرکاری کے ساتھ ساتھ لگائے گئے پودوں اور علاقوں کی آئندہ چھ سے آٹھ ماہ تک یا ضرورت کے مطابق دیکھ بھال اور نگہداشت میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے،ماحولیاتی تحفظ میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے اور کراچی کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا،وفد کی جانب سے سو رکنی یوتھ ایڈوائزری کونسل کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی، مجوزہ کونسل میں کراچی کے مختلف اضلاع اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوان نمائندے شامل ہوں گے اور یہ کونسل شہر کے نوجوانوں اور بلدیاتی انتظامیہ کے درمیان ایک منظم رابطے کے طور پر کام کرے گی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ان امور کو مزید رابطہ کاری اور مشاورت کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، توانائی اور تخلیقی سوچ کو کراچی کی بہتری کے لیے استعمال کرنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر مثبت تجویز کا خیرمقدم کرے گی،وفد نے عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر نوجوان نمائندوں کو براہ راست اپنے خیالات پیش کرنے اور شہر کی قیادت کے ساتھ شہری امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔






