گلگت بلتستان میں 79 واں یومِ آزادیِ پاکستان شایانِ شان طریقے سے منانے کی تیاریاں مکمل

حکومتِ گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام 14 اگست 2026ء کو یومِ آزادیِ پاکستان کا مبارک دن صوبہ بھر میں نہایت تزک و احتشام، ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منانے کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس موقع پر مرکزی تقریب کا انعقاد وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں ہوگا، جہاں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان صبح 10:00 بجے شاندار پرچم کشائی کی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ اس پروقار تقریب میں صوبائی وزراء، اراکینِ قانون ساز اسمبلی، اعلیٰ حکام اور اہم شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

یومِ آزادی کی تقاریب کا باقاعدہ آغاز 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب ٹھیک 12 بجے گلگت سمیت تمام ڈویژنز اور اضلاع میں شاندار آتش بازی اور برقی قمقموں کے دلکش مظاہرے کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ 14 اگست کی صبح نمازِ فجر کے بعد تمام مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔ کل صبح تمام سرکاری عمارتوں اور اہم تاریخی مقام ‘چنار باغ گلگت’ پر بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ پرچم کشائی سے قبل صبح ٹھیک 07:59 بجے صوبے بھر میں سائیرن بجایا جائے گا، جس کے احترام میں تمام تر ٹریفک اور عوامی نقل وحرکت ایک منٹ کے لیے رکی رہے گی۔تحریکِ پاکستان اور آزادیِ گلگت بلتستان کے شہداء و ہیروز کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے صوبائی وزراء اور انتظامی افسران یادگارِ شہداء اور مزارات پر حاضری دیں گے، پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزراء خصوصی طور پر شہداء کے اہل خانہ سے ان کے گھروں پر ملاقاتیں کر کے ریاست کی جانب سے ان کی بے مثال قربانیوں پر سلام پیش کریں گے۔اس پرمسرت دن کی مناسبت سے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جن میں صبح 09:00 بجے سٹی پارک تا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (KIU) ایک عظیم الشان سائیکل ریلی نکالی جائے گی، جبکہ سٹی پارک گلگت میں انڈر-30 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوگا۔ شام 05:00 بجے تاریخی آغا خان شاہی پولو گراؤنڈ میں روایتی پولو میچ کھیلا جائے گا۔ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں، بشمول KIU اور بلتستان یونیورسٹی میں طلباء کے مابین تقاریری و کوئز مقابلے، پریڈز اور محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام مقامی موسیقی و روایتی لباس پر مبنی ثقافتی شوز منعقد ہوں گے۔حکومتِ گلگت بلتستان نے یومِ آزادی کی تمام تقاریب کے لیے فول پروف سیکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کے دستے تمام اہم مقامات پر تعینات رہیں گے، جبکہ کے ٹو (K2) اور براڈ پیک کی صفائی کی خصوصی مہمات اور ماحولیاتی تحفظ کا پیغام بھی اس دن کا خاص حصہ ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button