یومِ آزادی کا دن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں کے نام،سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی چائلڈ پروٹیکشن بیورو آمد

یومِ آزادی کے موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خصوصی دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد اور بچوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں موجود بچوں نے قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ بچوں کے چہروں اور ہاتھوں پر سبز ہلالی رنگوں کی بہار نے جشنِ آزادی کی رونقیں دوبالا کر دیں۔ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور خصوصی ٹیبلوز پیش کر کے وطنِ عزیز سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ یومِ آزادی تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے۔ تمام اہلیانِ وطن کو یومِ آزادی کی بھرپور مبارکباد دیتے ہیں۔ وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی مٹی زرخیز ہے، ہمیں مل کر مستقبل کی نگہبانی کرنا ہوگی۔ جب یہ کلیاں پھول بنیں گی تو ان کی خوشبو ہر جانب پھیلے گی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کیلئے 24/7 مصروفِ عمل ہیں۔ ہماری افواج، رینجرز اور پولیس وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ یومِ آزادی کو پُرامن انداز میں منانے کیلئے محکمہ داخلہ کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آزادی کا جشن پُرامن اور مہذب انداز میں منایا جائے، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ انہوں نے سکیورٹی پر تعینات عملے کو تقریبات کے اختتام اور شرکاء کی پُرامن واپسی تک ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ آج کا دن قیامِ پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اب تک 80 ہزار سے زائد بچوں کو ریسکیو اور شیلٹر دے چکا ہے جبکہ ہر سال تقریباً 10 ہزار بچوں کو ریسکیو کیا جاتا ہے۔ تقریب میں ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو راؤ ندیم اختر، نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز، صدر روٹری کلب لاہور سمیت متعلقہ افسران اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button