سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کی زیر صدارت اجلاس،کم عمری کی شادیوں کی روک تھام،پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ رولز پر مشاورت

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود کی زیر صدارت پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ رولز کے ابتدائی مسودے کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد، یو این ایف پی اے کی پروگرام کوآرڈینیٹر پنجاب مس تانیہ درانی، اسلام آباد سے مس ثمین شیخ، لاہور سے گروپ ڈویلپمنٹ پاکستان کے مسٹر اعجاز احمد، آزاد کنسلٹنٹ مس ویلیری خان اور گروپ ڈویلپمنٹ پاکستان و یو این ایف پی اے کے قانونی مشیر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ مسٹر احمر مجید نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کے تحت مجوزہ رولز کے ابتدائی مسودے کا شق وار اور تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے مسودے میں شامل مختلف قانونی، انتظامی اور عملی امور پر تبادلہ خیال کیا اور قواعد کو جامع، مؤثر اور قابلِ عمل بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے کہا کہ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ کے تحت قواعد کی تیاری میں متعلقہ محکموں، اداروں اور تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو شامل کیا جائے تاکہ مجوزہ رولز عملی تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ رولز میں قانونی تقاضوں کے ساتھ ساتھ ان کے عملی نفاذ کے پہلوؤں کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔ قواعد میں متعلقہ اداروں کے کردار اور ذمہ داریوں کو واضح کیا جائے تاکہ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔زید بن مقصود نے مزید کہا کہ کم عمری کی شادیوں کی روک تھام صرف قانونی اقدامات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ آگاہی، پیشگی اقدامات اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون پر بھی توجہ دی جائے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ پر مؤثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داریاں واضح طور پر متعین کی جائیں جبکہ رولز میں عملدرآمد، نگرانی اور آگاہی سے متعلق ضروری امور کو بھی شامل کیا جائے۔اجلاس میں شرکاء نے مجوزہ رولز کو مزید جامع بنانے، قانونی ابہام دور کرنے اور عملی سطح پر مؤثر نفاذ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تمام تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے مسودے کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

Back to top button