چوہدری طارق فاروق قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کے سپیکر منتخب ہو گئے۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ کل 46 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کے نامزدامیدوار برائے سپیکر چوہدری طارق فاروق نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ انکے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی آزادجموں وکشمیر کے امیدوار چوہدری قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کیے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ قانون ساز اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد 53 ہے جن میں سے ضلع پونچھ اور سدھنوتی کی 07 نشستیں انتخابات نہ ہونے کیوجہ سے خالی ہیں۔ اسطرح اسوقت قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کے موجودہ ممبران کی تعداد 46 ہے۔ چوہدری لطیف اکبر نے نو منتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق سے حلف لیا اور انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ایوان کی کارروائی نومنتخب سپیکر کے سپرد کی۔ قبل ازیں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے ممبران اسمبلی نے چوہدری لطیف اکبر کی سیاسی و پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور چوہدری طارق فاروق کے بطور سپیکر انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر نے احسن انداز میں ایوان کو چلایا، بطور سیاسی کارکن اور حکومتی عہدیدار آپ جس عہدے پر بھی رہے اپنا بہترین کردار ادا کیا۔ چوہدری لطیف اکبر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ ایک شخصیت اور کردار ہیں۔ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ چوہدری لطیف نے ملک اور اپنی جماعت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، آپ کا سفر سیاسی کارکنوں کیلئے سرمایہ افتخارہے۔چوہدری لطیف اکبر اور میرا سیاسی سفر اکھٹے 1985 کی اسمبلی سے شروع ہوا۔ ہم نے اچھی روایات چھوڑ کر جانی ہیں۔ انہوں نےکہا کہ نومنتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ ایک منجھے ہوئے سیاسی کارکن اور باصلاحیت انسان ہیں۔ چوہدری طارق فاروق نے استقامت اور محنت کیساتھ سیاسی سفر طے کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نومنتخب ڈپٹی سپیکرمحمد احمد رضا قادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محمد احمد رضا قادری ایک عاشق رسولﷺ کے بیٹے ہیں انکو بھی ڈپٹی سپیکر بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ توقع اور امید ہے کہ نومنتخب سپیکر احسن انداز میں خدمات سرانجام دیں گے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انتقال اقتدار میں اپنا بہترین کردار ادا کیا۔ صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ چوہدری طارق فاروق اور محمد احمد رضا قادری کو سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ چوہدری طارق فاروق کی سربراہی میں یہ ایوان احسن انداز میں چلے گا۔انہوں نے کہاکہ پونچھ میں حالات ٹھیک ہونا ضروری ہیں۔ صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین نے کہاکہ چوہدری لطیف اکبر نے بطور سیاسی کارکن اور بطور وزیر و ممبر اسمبلی اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھایا، چوہدری لطیف اکبر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، نومنتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آپ نے پیپلز پارٹی کیلئے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔
نو منتخب ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری نے سپیکر چوہدری طارق فاروق کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری طارق فاروق کی آئین و قانون سے گہری وابستگی ہے۔ انہوں نےکہا کہ اپنے حلقے کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ مہاجرین مقیم پاکستان کے آئینی قانونی سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ میری بنیادی ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت پورا کروں گا، آئین جو حق ہمیں دے رہا ہے اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالماجد خان نے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر کی بطور سپیکر خدمات اور انکی سیاسی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ نومنتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق بھی احسن انداز میں فرائض سرانجام دیں گے۔ممبر اسمبلی چوہدری قاسم مجید نے نومنتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے باعث اعزاز ہے کہ میری جماعت نے مجھے سپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا اور اس شخصیت کے خلاف سپیکر کا الیکشن لڑنا میرے لیے باعث اعزاز ہے جوسینئر اور منجھے ہوئے سیاستدان ، تجربہ اوربہترین سیاسی بصیرت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے احمد رضا قادری کو بھی ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ممبر اسمبلی دیوان علی خان چغتائی نے بھی نومنتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ چوہدری طارق فاروق کی فہم و فراست اور تجربے سے ہم مستفید ہونگے۔انہوں نے کہاکہ پونچھ کا احساس محرومی دور کیا جانا ضروری ہے۔ممبر اسمبلی محترمہ نورین عارف نے بھی نومنتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے بہترین اشخاص کا انتخاب کیا ہے۔سب سے اولین ذمہ داری پونچھ کے لوگوں کو مشکل سے نکالنا ہے، پونچھ اور سدھنوتی میں الیکشن کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نےکہا کہ مہاجرین کا کیا قصور ہے؟مہاجرین نے پاکستان کیلئے اپنا گھر بار چھوڑا اور ہجرت کی۔
ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا کہ اللہ کا خاص کرم اور فضل ہے کہ حلقہ کے لوگوں نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے چوہدری طارق فاروق کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصب آپ کو محنت اور لیاقت کیوجہ سے ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2011 سے 2016 کے دوران چوہدری طارق فاروق اور ڈاکٹر نجیب نقی نے بہترین اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت قدر آور شخصیات اس ایوان کا حصہ رہیں اور اسکی عزت و تکریم کا باعث بنیں۔ ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا کہ آزادکشمیر میں مکالمے اور دلیل کی جگہ انتشار اور بدتمیزی نے لے لی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان محرکات کا جائزہ لیں جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ ہم جو روایات چھوڑیں گے ہمارے ساتھ وابستہ لوگ اسکی تقلید کریں گے۔ میاں عبدالوحید نے کہاکہ چوہدری لطیف اکبر ایک بہترین سیاسی کارکن ہیں ،انہوں نے اس ایوان کے اندر احسن روایات قائم کیں۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان اور باقی ممبران اسمبلی نے جس طرح چوہدری لطیف اکبر کو جس طرح خراج تحسین پیش کیا وہ ہماری حسین روایات ہیں۔ انہوں نےکہا پونچھ کی سنہری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے انکو حق نمائندگی دینا آنیوالی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پہلی حکومت پلندری کے مقام پر قائم ہوئی تھی وہاں کے لوگوں کا اس ایوان کا حصہ بننا از بس ضروری ہے۔ممبر اسمبلی پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ اس معزز اسمبلی کا ممبر بننا اعزاز سے بڑھ کر ذمہ داری ہے،ضرورت ہےکہ دلیل اور مکالمے سے بات کی جائے، ہم بد تمیزی کے بجائے حق گوئی کو فروغ دیں گے۔ احتجاج کرنے والے ایک طرف حق ملکیت اور حکمرانی کی بات کررہے ہیں اور دوسری جانب لاکھوں مہاجرین کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں، حقوق کی آواز رہنی چاہیے لیکن امن کے ساتھ۔انہوں نے کہاکہ جذبات کا طوفان ہے اور مطالبات ہیں،زمینی حقائق کے مطابق ان سے بات کی جائے۔ انہوں نے نومنتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے روح اور نظریات کا رشتہ ہے، ہم نفرت کی جگہ محبت کو لانا ہے۔ بد تہذیبی کی جگہ دلیل اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر نے نومنتخب سپیکر چوہدری طارق فاروق اور نومنتخب ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگنا کیا تھا ۔ پونچھ اور سدھنوتی کے بغیر اسمبلی میں کمی محسوس ہوتی ہے، امید ہے کہ وہاں بھی جلد الیکشن ہوں گے۔نومنتخب ممبر قانون ساز اسمبلی محمد احمد رضا قادری ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے۔ سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی جس میں 46 ممبران اسمبلی نے حصہ لیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر کے نامزد کردہ امیدوار برائے ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری نے 32 ووٹ لیے جبکہ انکے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر کے امیدوار عامر عبدالغفار لون نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے بھی 46 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے ایک ووٹ مسترد ووٹ مسترد ہوا۔ نومنتخب ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری سے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے حلف لیا۔چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے نومنتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قانون ساز اسمبلی بہت اچھی روایات کی امین ہے، خوشی ہے کہ چوہدری طارق فاروق ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اوران کے پیشرو چوہدری لطیف اکبر بھی منجھے ہوئے سیاست دان ہیں۔ 2011 سے 2016 کے دوران ہمیں جاندار اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑاجس میں چوہدری طارق فاروق نے بہترین اپوزیشن کی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ اسمبلی باالخصوص اڑھائی سالوں میں کمزور اپوزیشن تھی۔وزیراعظم نے کہاکہ اسمبلی میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ریاست کے لیے ناگزیر ہے۔نومنتخب سپیکر قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر چوہدری طارق فاروق نے منصب سنبھالنے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئےسپیکر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے اس منصب کیلئے منتخب کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ، مریم نواز شریف ، شاہ غلام قادر ، راجہ محمد فاروق حیدرخان سمیت تمام ساتھیوں کا ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے اس منصب کے قابل سمجھا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوری عمل میں شرکت کرتے ہوئے جمہوری روایت قائم کی۔چوہدری قاسم مجید اور عامر عبدالغفارلون کا بھی ممنون ہوں جمہوری عمل میں احسن طریقے سے شرکت کی۔ اپنے حلقے کے لوگوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نےپانچویں مرتبہ مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے اسمبلی تک پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ سپیکر کے منصب پر بڑی قدآور شخصیات فائز رہیں ، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، سردار سکندر حیات خان ، بیرسٹرسلطان محمود ، خان بہادر خان ، میاں غلام رسول ، راجہ محمد فاروق حیدر خان شاہ غلام قادر سمیت دیگر سے سیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہاکہ میری جماعت نے مجھے اس منصب پر بیٹھنے کا موقع فراہم کیا ، آئین و قانون کے مطابق ایوان میں ممبران اسمبلی کو اپنے حلقے کی نمائندگی کا پورا موقع ملے گا۔ امید ہے کہ جلد ہی ایوان مکمل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری لطیف اکبر کا ممنون ہوں، بحیثیت فرد اور بطور پارلیمنٹرین انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ اس ایوان کے بارے میں جو خدشات اور توقعات ہیں سب کو ایک بہتر عمل کے ذریعے ٹھیک کیا جاسکتا ہے اگر ہم اپنا کام ٹھیک کریں تو کوئی ہمارے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔سپیکر اسمبلی نے کہاکہ جن اراکین کو آج وقت نہیں مل سکا ان سے معذرت چاہتا ہوں۔اپوزیشن زیادہ قابل احترام ہے، حکومت کو بھی جوابدہی کے عمل سے گزرنا چاہیے، جو پراسس ہے وہ مکمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سے توقع کرتا ہوں کہ وہ جوابدہی کے عمل سے گزریں گے۔ سپیکر کا عہدہ ایک امانت ہے جب پارٹی یا ایوان چاہے واپس لے سکتے ہیں۔ چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ ہم نے جدید نظام سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرنا ہے تب جا کرعصر حاضرکا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔سب ممبران باصلاحیت اور ڈلیور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں امید ہے کہ عوام کی سوچ و فکر کے مطابق بھلائی کی بات ہوگی ۔ سپیکر چوہدری طارق فاروق نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 27 اگست کو دن 12:30بجے تک ملتوی کر دیا۔






