وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے قصور شہر، مصطفیٰ آباد، لکھنے کی اور دیگر علاقوں کا اچانک دورہ کر کے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
پہلے مرحلے میں وزیر بلدیات نے لکھنے کی، مصطفیٰ آباد اور پھر قصور شہر کی مارکیٹوں، محلوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مارکیٹوں میں دکانداروں اور شہریوں سے بات کی اور ان کی تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے اہداف شہریوں کے تعاون کے بغیر حاصل کرنا مشکل ہے۔ وزیراعلی کے حکم پر خود فیلڈ کے اچانک دورے کر رہا ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صفائی کے مقررہ اہداف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر ضلع میں بااختیار ایجنسی بننے کے بعد صورتحال میں مزید بہتری نظر آنی چاہیئے۔ وزیر بلدیات نے اپنے دورے میں فیلڈ میں مصروفِ کار ورکرز کے بھی مسائل سنے اور سخت گرمی میں شہریوں کی سہولت کیلئے کام کرنے والے ورکرز کا حوصلہ بڑھایا۔بعدازاں صوبائی وزیر ڈپٹی کمشنر قصور کے آفس گئے جہاں انہیں ضلع بھر میں صفائی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ ذیشان رفیق نے زور دے کر کہا کہ نگرانی کے لئے تحصیل مینجرز اور فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز کا کام زیادہ اہم ہے۔ سُتھرا پنجاب کا یونین کونسل تک نگرانی کا منظم نیٹ ورک موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈیجیٹل سسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انتظامی افسران بھی سپاٹ چیکنگ کیلئے اچانک دورے کریں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔






