پی ڈبلیو سی اے 12 ستمبر سے سیاحتی سیزن 2026 کا آغاز کرے گا،ہسٹری بائی نائٹ نئے پرفارمنسز کے ساتھ دوبارہ شروع

پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی اپنے سیاحتی سیزن 2026 کا باقاعدہ آغاز 12 ستمبر 2026 سے کر رہی ہے، جس کے تحت لاہور قلعہ میں اتھارٹی کا مقبول ہسٹری بائی نائٹ ٹور بھی دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ نئے سیزن کا پہلا ہسٹری بائی نائٹ ٹور ہفتہ، 12 ستمبر کو منعقد ہوگا، جس میں نئے پرفارمنسز، نئی کشش اور دلچسپ تجربات شامل کیے گئے ہیں، تاکہ سیاحوں اور شہریوں کو لاہور قلعہ کی تاریخ اور ورثے سے روشناس کرانے کے ساتھ ایک یادگار اور منفرد تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ ابتدائی طور پر ہسٹری بائی نائٹ کا انعقاد ہر ہفتے کی رات کیا جائے گا، جبکہ عوامی پذیرائی اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد ازاں اسے دیگر ایام تک بھی توسیع دی جائے گی۔ہسٹری بائی نائٹ کے علاوہ، پی ڈبلیو سی اے نئے سیزن کے دوران اپنے دیگر مقبول ثقافتی اور تاریخی ٹورز بھی دوبارہ شروع کر رہا ہے جن میں شالامار باغ میں چاندنی راتیں، خلوت خانہ ٹور، حویلیوں کا ٹور، یاترا اور دیگر خصوصی ٹورز شامل ہیں۔ ان ٹورز کا مقصد سیاحوں کو پنجاب کے بھرپور تاریخی اور ثقافتی ورثے کو مختلف اور منفرد انداز میں دیکھنے اور سمجھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔آنے والا سیاحتی سیزن محض تاریخی ٹورز تک محدود نہیں ہوگا بلکہ پی ڈبلیو سی اے کی جانب سے تاریخی مقامات پر ثقافتی اور عوامی دلچسپی کے مختلف پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں قوالی نائٹس، صوفی نائٹس، دستکاروں کی ورکشاپس، سیمینارز اور دیگر ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان پروگرامز کے ذریعے سیاحوں اور لاہوریوں کو خطے کی روایتی ثقافت، دستکاری، موسیقی اور تاریخ کو منفرد اور دلچسپ انداز میں تجربہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو سی اے نجم الثاقب نے کہا کہ اتھارٹی آئندہ سیاحتی سیزن کو مزید متحرک، دلچسپ اور عوام دوست بنانے کے لیے پرعزم ہے۔”ہمارے تاریخی مقامات محض عمارتیں یا آثار نہیں بلکہ ہماری تاریخ، ثقافت اور شناخت کے زندہ مظاہر ہیں۔ نئے سیاحتی سیزن کے ذریعے پی ڈبلیو سی اے تاریخ، ورثے، فن، موسیقی اور روایتی دستکاریوں کو یکجا کرکے سیاحوں اور لاہور کے شہریوں کے لیے بامقصد اور یادگار تجربات پیدا کر رہا ہے۔ نئے پرفارمنسز، ازسرِنو ترتیب دیے گئے ٹورز اور متنوع ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے ہمارا مقصد اس سیزن کو پنجاب کے شاندار ثقافتی ورثے کے ایک بھرپور جشن میں تبدیل کرنا ہے”

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی ورثہ ،سیاحت کے فروغ اور صوبے کے تاریخی مقامات کے ساتھ عوامی وابستگی اور دلچسپی بڑھانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

جواب دیں

Back to top button