*ڈملوٹی سے یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی، پائپ لائن منصوبے کا معاہدہ*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے شہر میں پانی کی فراہمی مزید بہتر اور مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کراچی واٹر کارپوریشن اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے درمیان ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا۔ منصوبے کے تحت ڈملوٹی سے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں کو یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی فراہم کرنے کے لیے پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔ منصوبے پر تقریباً 14 ارب روپے لاگت آئے گی، تعمیراتی کام آئندہ ہفتے شروع جبکہ منصوبہ 12 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈملوٹی سے اضافی پانی کی فراہمی سے ڈیفنس اور کلفٹن میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی، یومیہ ایک کروڑ گیلن اضافی پانی کی فراہمی شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈملوٹی پائپ لائن منصوبہ حکومت سندھ اور کراچی واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کاوش ہے، حکومت سندھ کے تعاون سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جا رہا ہے۔ میئر کراچی نے منصوبے کے لیے حکومت سندھ کے تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔ معاہدے کی تقریب میں ایف ڈبلیو او ہیڈ بریگیڈیئر عدنان اختر علی، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عمران اصغر، ایڈمنسٹریٹو ڈی ایچ اے بریگیڈیئر امیر نواز خان، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، پی پی رہنما سید نجمی عالم، ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، سیکریٹری بورڈ عبدالرقیب اور پی ڈی ڈملوٹی محمد زاہد بھی موجود تھے۔

جواب دیں

Back to top button