*مجھے کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جائے، ماضی کےنمائندگان سے بھی پوچھا جائے کہ ڈسکہ کیلئے کیا کیا: میاں ذیشان رفیق*

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر احتجاج اور انتشار کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کی، تاہم لاہور، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں ہونے والے ناکام احتجاجی مظاہروں نے واضح کردیا ہے کہ عوام نے اس طرزِ سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی کال پر عوام کی عدم پذیرائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب انتشار کے بجائے ترقی، استحکام اور خدمت کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں۔ڈسکہ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام کسی سیاسی قیادت کے ساتھ کھڑے ہوں تو بڑے سے بڑا چیلنج بھی راستہ نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ججز بحالی تحریک کے دوران شدید مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود میاں نواز شریف کی قیادت میں قافلہ ماڈل ٹاؤن سے شاہدرہ تک پہنچا تو اس وقت تک ججز بحال ہوچکے تھے، کیونکہ عوام میاں نواز شریف کے ساتھ نکل آئی تھی۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ آج پنجاب میں عوامی خدمت اور عملی اقدامات کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مختلف عوامی فلاحی اقدامات اور منصوبے اس امر کا ثبوت ہیں کہ حکومت کی ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ، دی رانی پروگرام، مفت علاج و ادویات کی فراہمی، تعلیم کے فروغ کے اقدامات، گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے جدید سفری سہولیات، اپنا کھیت اپنا روزگار اور اپنی چھت اپنا گھر سمیت متعدد پروگرام عوامی فلاح کیلئے عملی اقدامات کی مثال ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسکہ شہر کی ترقی کیلئے 15 ارب روپے کا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام دیا ہے، جس کے تحت شہر میں بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر بیک وقت کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈسکہ میں 102 کلومیٹر طویل سیور لائنز، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی، 43 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر، ڈسپوزل اسٹیشنز اور اسٹوریج ٹینک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جبکہ شہریوں کیلئے تفریحی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں پارکس کی تعمیر و بہتری پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ ٹراما سنٹر کا منصوبہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مکمل کرلیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کو محض دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بنیاد پر پرکھا جانا چاہیے۔ "مجھ سے کارکردگی کی بنیاد پر موازنہ کیا جائے، ماضی میں ڈسکہ کی نمائندگی کرنے والے منتخب نمائندگان اور سابق حکومتوں سے بھی پوچھا جائے کہ انہوں نے ڈسکہ کی ترقی کیلئے کیا کیا؟”صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ موجودہ حکومت ڈسکہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں شہری سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی مسائل کے مستقل حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کا مقصد عوام کو محض وعدے نہیں بلکہ ان کی دہلیز پر حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

Back to top button