*اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی درخواستوں اور اقساط کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کا فیصلہ*

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی، درخواستوں کی جانچ پڑتال اور قرض کی اقساط کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروگرام کے انتظامی امور، درخواستوں کی پراسیسنگ اور مستحق خاندانوں کو قرض کی اقساط کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان نے اجلاس کو پروگرام کے انتظامی امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو اب تک 264 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت قرض کی اقساط میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں،صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو قرض کی اقساط کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں اور تاخیر ختم کی جائے تاکہ مستحق خاندانوں کو اپنے گھروں کی تعمیر میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلی قسط کی فراہمی کے بعد مقررہ مدت کے اندر دوسری قسط کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر کی گنجائش نہیں۔ متعلقہ ادارے اقساط کی بروقت ادائیگی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں اور درخواستوں کی پراسیسنگ میں غیر ضروری تاخیر کا فوری تدارک کیا جائے۔وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں درخواستوں اور اقساط کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پروگرام کی پیش رفت، درخواستوں کی جانچ پڑتال، قرضوں کی منظوری اور اقساط کی ادائیگی کے عمل کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ بینک آف پنجاب، اخوت، این آر ایس پی اور دیگر متعلقہ ادارے مستحق خاندانوں کو قرض کی اقساط کی بروقت ادائیگی میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کے عمل کو تیز اور شفاف بنائیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور کسی بھی سطح پر غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں سے بذریعہ فون براہ راست فیڈ بیک حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فیڈ بیک کی روشنی میں پروگرام کے انتظامی نظام میں مزید بہتری لائی جائے اور مستحق افراد کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ ہر گھر کی تعمیر ایک کہانی ہے، ہر گھر ایک خاندان کے بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔ حکومت کا مقصد صرف قرض فراہم کرنا نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے ذریعے ایک محفوظ اور باوقار مستقبل فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح عوام کے بنیادی مسائل کا حل ہے اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اسی وژن کے تحت مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر میں عملی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button