وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں نکاسی آب اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جدید مشینری کی فراہمی جاری یے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے واسا پنجاب کی 46 نئی اور جدید مشینری کا ساتواں فلیٹ ڈی جی واسا طیب فرید کے حوالے کر دیا۔ جدید مشینری شیخوپورہ، ساہیوال، سرگودھا، سیالکوٹ، راولپنڈی، گجرات اور ننکانہ صاحب سمیت مختلف اضلاع میں فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، اوکاڑہ، جھنگ اور جہلم سمیت 15 اضلاع میں مشینری روانہ کی جا چکی ہے۔ جدید مشینری کی فراہمی کا مقصد نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانا، شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ ہاؤسنگ پنجاب شہری سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں جدید مشینری کی فراہمی سے مقامی سطح پر واسا کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ کے پی میں ایمرجنسی کا نفاذ افسوسناک، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام ضروری تھی، صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے محکمہ ہاؤسنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ کسی خوشی کے باعث نہیں بلکہ وہاں کی سیاسی اور انتظامی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی تیزی سے بڑھتی کارروائیوں کو روکنا متعلقہ حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری تھی۔ ملک کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قومی سلامتی کو ہر معاملے پر ترجیح دی جائے۔ بلال یاسین نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔ ملک کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، ان کی شہادتوں کا تمسخر اڑانا کسی صورت مناسب نہیں۔ شہداء کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا گروہ کے مفادات کو پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی سے مقدم نہیں رکھا جا سکتا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ملکی استحکام، امن اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو سیاسی کشیدگی اور انتظامی مسائل کے بجائے ترقی، امن اور عوامی فلاح کی جانب بڑھنا چاہیے۔ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔پنجاب میں دنگا فساد نہیں، ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے.صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ ہاؤسنگ صوبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ حکومت کی ترجیح عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مخالفین پر طنز کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی کے ذریعے تنقید کا جواب دے رہی ہے۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح کے اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔بلال یاسین نے کہا کہ عوامی خدمت، عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں جدید مشینری کی فراہمی بھی اسی وژن کا حصہ ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






