میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے نیو کراچی 5-D یوسی4 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یونین کونسل4 کی اندرونی گلیوں میں پیور بلاکس لگانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کی جانب سے میئر کراچی کو جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی، میئر کراچی نے خواجہ اجمیر نگری کے دورے کے دوران پیور بچھانے کے کام کا معائنہ کیا، دورے کے دوران میئر کراچی چائے کے ہوٹل میں شہریوں کے درمیان بیٹھ گئے اور ان کے مسائل سنے، شہریوں نے علاقے میں درپیش مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا

جس پر میئر کراچی نے انہیں ان کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، میئر کراچی نے نیو کراچی سے خواجہ اجمیر نگری تک موٹرسائیکل پر سفر کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک عوامی میئر ہیں اور موٹرسائیکل پر علاقے کا دورہ کرنے کا مقصد براہ راست عوام کی مشکلات کو دیکھنا اور ان کے مسائل کو قریب سے جاننا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ خواجہ اجمیر نگری میں پیور بلاکس کے ذریعے گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کا مقصد مقامی مکینوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے کیونکہ ان علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھیں،یہ اقدامات کے ایم سی کی جانب سے شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل ہیں جن کا مقصد کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے،بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے دورے کے دوران ناظم آباد ٹاؤن کے علاقے حاجی مرید گوٹھ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں علاقے کے مکینوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے یونین کونسل 6 فردوس کالونی میں پیور بلاکس کا کام مکمل کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں علاقے کی گلیوں اور سڑکوں کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے،حاجی مرید گوٹھ کی سڑکیں اور گلیاں طویل عرصے سے بدحالی کا شکار تھیں لیکن میئر کراچی کی ہدایت پر ان گلیوں پر پیور بلاکس لگائے گئے جس سے ان کی تعمیر نو کی گئی، حاجی مرید گوٹھ میں ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری ناظم آباد ٹاؤن کی تھی تاہم علاقے کے عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کے ایم سی نے فوری طور پر ان سڑکوں اور گلیوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے، علاقہ مکینوں نے حاجی مرید گوٹھ میں ترقیاتی کاموں پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا،یہ ترقیاتی کام کے ایم سی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری اقدامات کا حصہ ہیں جس کا مقصد شہر کے رہائشیوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے۔






