سڑکوں پر جمع گرد صاف کرنے کی ہدایت،ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے مون سون سیزن کے اختتام پر سڑکوں کے کناروں پر موجود گرد فوری طور پر صاف کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ سیزن کی آمد آمد ہے اور گرد و غبار ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے تمام سی ای اوز کو صفائی کے اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا فوکس ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کریں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ممکنہ سموگ کے پیش نظر سڑکوں کی صفائی پر خاص توجہ دیں۔ سڑکوں کے کناروں پر برساتی موسم کے دوران جمع ہونے والی گرد فورا صاف کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سنئیر وزیر کی زیر صدارت اجلاسوں میں سموگ سے نمٹنے کے لئے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر سختی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی پرفارمنس کا فردا فردا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

جواب دیں

Back to top button