وزیر بلدیات سندھ اور چیئرمین صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید غنی کی زیر صدارت صوبائی اسٹیرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا۔اسٹیرنگ کمیٹی نے اجلاس میں اہم فیصلے کئے۔اجلاس میں ضلع ملیر، غربی اور کیماڑی میں صفائی ستھرائی کی مد میں بلوں کی ادائیگی ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے میں کرنے کی منظوری دی گئی۔نئے معاہدے سے ضلع ملیر میں 25 فیصد اور ضلع غربی اور کیماڑی میں 28 فیصد بچت ہوگی۔ضلع ملیر، غربی اور کیماڑی کے معاہدے میں تین سال کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔معاہدے کے مطابق صفائی ستھرائی کا کام زیادہ موثر اور بہتر انداز سے انجام دیا جا سکے گا۔

مانیٹرنگ کا مربوط سسٹم بھی معاہدے میں شامل ہے۔اجلاس میں ضلع شرقی میں صفائی ستھرائی کے کام کے لئے نئے ٹینڈر کرنے کی منظوری دی گئی۔ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے اپنے ذرائع آمدنی سے اخراجات کے لئے صنعتی علاقوں، کمرشل ایریاز اور گھروں سے کچرا اٹھانے کی فیس مختص کرنے کے لئے تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کی مشاورت لینے کی تجویز پیش کی گئی۔ ضلع شہید بے نظیرآباد اور میرپور خاص کی تشخیص اور تجزیاتی رپورٹ تیار کرنے کی منظوری دی گئی۔سکھر اورحیدرآباد کی لینڈ فل سائیٹ کی دیکھ بھال کا کام بھی متعلقہ صفائی کرنے والی کمپنی کوسنبھالنے کی منظوری دی گئی۔






