پنجاب میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو گئے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف اگلے ماہ آؤٹ سورسنگ ماڈل کا افتتاح کریں گی۔ کنٹریکٹرز کو ذمہ داری سونپنے سے قبل عرصہ سے عرصہ دراز سے موجود کوڑے کے ڈھیر ایک دفعہ اٹھانے کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے سی ای او بابر صاحب دین موجود تھے جبکہ پنجاب بھر کی دیگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور میں صفائی کے نئے ماڈل جبکہ دیگر علاقوں میں آؤٹ سورسنگ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب کی 76 تحصیلوں میں کنٹریکٹرز کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ باقی ماندہ تحصیلوں میں کنٹریکٹرز کی بڈنگ کا کام اسی ماہ مکمل ہو جائے گا۔ لاہور اور ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پہلے مرحلے میں آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نئے نظام کی موثر مانیٹرنگ کیلئے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ ماڈل پنجاب میں ایک نئی انڈسٹری کا آغاز ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پائلٹ پراجیکٹ سے روزگار کے ایک لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر بلدیات نے واضح طور کہا کہ وزیراعلٰی کے مقرر کردہ صفائی کے اہداف ہر صورت میں پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی کا موثر یکساں نظام لایا جا رہا ہے۔ گھروں سے ویسٹ کولیکشن کے ساتھ کوڑے کی محفوظ ڈمپنگ یقینی بنائی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلٰی کا ستھرا پنجاب ویژن ملکی تاریخ میں اہم باب بن کر سامنے آئے گا۔ صفائی کا ایسا موثر نظام بنائیں گے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں اپنی مثال آپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بھرپور شرکت آؤٹ سورسنگ ماڈل کی کامیابی کی ضامن ہوگی۔ اس لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ پروگرام کے تحت سٹاف کی حاضری کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ڈیجیٹل سسٹم رائج کیا جائے گا۔
اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے تمام سی ای اوز کو افتتاح سے پہلے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری موبائل فون ایپ کے ذریعے گندگی کی موجودگی کی شکایت کر سکیں گے۔ شکایات کا چند گھنٹوں کے اندر ازالہ ضروری ہوگا۔ اجلاس کے دوران بابر صاحب دین نے لانچنگ تقریب کے انتظامات پر بریفنگ دی۔





