سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کے ساتھ جرمن ترقیاتی ادارے کے وفد نے ہیڈ آف پروگرام جی آئی زی سنجیو کی سر براہی میں سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔
سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ماریہ طارق بھی شریک تھیں۔
ملاقات کے دوران مشترکہ لوکل گورننس پروگرام کے تحت سالانہ ورک پلان کا جائزہ لیا گیا جبکہ وفد نے بلدیاتی اداروں میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرنے پر اکتفا کیا۔وفد نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ان کی ٹیم کو لوکل گورنمنٹس کے ریونیو، خاتون سہولت مرکز، یوتھ انٹرن شپ پروگرام اور جی آئی زی کی معاونت سے چار اضلاع میں جاری مختلف منصوبوں بارے بریفنگ دی۔سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں جی آئی زی کا تعاون قابل ستائش ہے ۔وزیر اعلٰی پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل کا حل محکمہ بلدیات کی اولین ترجیح ہے لہذا جی آئی زی مشترکہ لوکل گورننس پروگرام میں عوامی مسائل کے مطابق اہداف سالانہ ورک پلان میں شامل کرے۔شکیل احمد میاں نے 4 شیروں میں جاری خاتون سہولت مرکز بارے بریفنگ لیتے ہوئے ہدایات کیں کہ سہولت مراکز خواتین کی جانب سے درج کروائی جانے والی شکایا کا تجزیہ کیا جائے تاکہ اس تجزیہ کی بنا پر صوبائی سطح پر پالیسی سازی میں معاونت ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل اداروں کو خود کفیل بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے اس سلسلے میں رحیم یار خان میں پائلٹ منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا جس سے بہترین نتائج ملے ہیں۔ مزید کہا کہ بنیادی سطح پر سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس موقع پر ہیڈ آف پروگرام نے یقین دلایا کہ مشترکہ لوکل گورننس پروگرام میں محکمہ بلدیات کی تجاویز شامل کی جائیں گی۔