محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے کرپشن کی پرانی انکوائری پر سرکاری پردہ ڈالنے کے لئے نئی انکوائری شروع کردی ہے۔یونین کونسلز میں ہونے والی کرپشن پر پہلے بھی 2 دفعہ انکوائریز ہو چکی ہیں۔
2023 اور 2024 میں کی گئی انکوائری اور کرپشن کو چھپانے کے لیے نئی انکوائری میں موجودہ ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔یونین کونسلز کے پرانا کھاتا بند کر دیا گیا ہے۔پہلی انکوائری ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کی جانب سے اعتراضات لگا کر واپس بھجوا دی گئی تھی ۔جس میں کچھ اے ڈی ایل جی کو تحفظ فراہم کیا گیا۔سابقہ ڈی جی لوکل گونمنٹ سید شفاعت علی نے تحصیل ماڈل ٹاؤن اور تحصیل شالیمار میں انکوائری میں کرپشن کے ثبوت ملنے کی رپورٹ دی تھی۔اب یونین کونسلز کے 8 ماہ کا ریکارڈ چیک کرکے پرانی انکوائری گول کر دی جائے گی جس میں بعض اعلٰی افسران مستفید ہو چکے ہیں۔
پنجاب کی یونین کونسلز کے فنڈز کے استعمال، اخراجات وغیرہ کو چیک کرنے کے لئے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ احمد کمال مان کی جانب سے تمام ڈائریکٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خود یونین کونسلز پر باقاعدگی سے رپورٹ کریں گے۔تاہم سابقہ کرپشن جس کی انکوائری رپورٹ میں نشاندہی کی گئی تھی وہ گول کی جا رہی ہے۔جس سے پنجاب کی یونین کونسلوں میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیوں پر سب بچ جائیں گے اور بندر بانٹ بھی چھپ گئی ہے۔