پہلے مرحلے میں صوبے کی 8 کروڑ 60 لاکھ آبادی کو صفائی کی بہترین خدمات مہیا کریں گے،مریم نواز 3 دسمبر کو صفائی کےمنفرد پروگرام کا افتتاح کریں گی، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ صفائی کے نئے نظام کے آغاز کے ساتھ پنجاب کا ایک نیا اور خوبصورت چہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ پہلے مرحلے میں صوبے کی 8 کروڑ 60 لاکھ آبادی کو صفائی کی بہترین خدمات مہیا کریں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آئوٹ سورسنگ کے عمل اور آئندہ کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کی 103 تحصیلوں میں کنٹریکٹرز کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے۔ لاہور، گوجرانولہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے زیر انتظام تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سرگودھا اور ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اگلے مرحلے میں آئوٹ سورس کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز 3 دسمبر کو صفائی کے اس موثر اور منفرد پروگرام کا افتتاح کریں گی۔ صوبائی وزیر نے تمام سی ای اوز کو صفائی کی آگاہی مہم چلانے اور ہر تحصیل میں ون ٹائم زیرو ویسٹ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجی کنٹریکٹرز مرحلہ وار اپنی استعداد کار اور سروسز میں بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کے ٹیکنیکل سٹاف کو تربیت محکمہ لوکل گورنمنٹ دے گا تاکہ ڈیش بورڈ اور ستھرا پنجاب ایپ پر شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے "ستھرا پنجاب” ویژن پر قلیل عرصے میں عملدرآمد کیا گیا۔ متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا تاہم انہوں نے زور دیا کہ ہم سب نے یہ جذبہ ماند نہیں پڑنے دینا۔ پنجاب کو صاف ستھرا بنا کر دم لیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ صوبائی کنٹرول روم آئوٹ سورسنگ کے تمام عمل کی مانیٹرنگ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ درکار انسانی وسائل اور مشینری کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ شکیل احمد نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ستھرا پنجاب ایپ پر شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی شکایات کا جلد ازالہ ممکن بنائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button