والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے اندرون لاہور کی قدیم حویلیوں کا ایک گائیڈڈ ٹور منعقد کیا گیا۔ اس ٹور میں مبارک حویلی، حویلی واجد علی شاہ، پاپڑ منڈی بازار، نوری بلڈنگ، حویلی نونہال سنگھ، نقش سکول آف آرٹس، فقیر خانہ میوزیم، حویلی اویس میر اور حویلی بارود خانہ کا ٹور شامل تھا۔
یہ حویلیاں پرا یویٹ پراپرٹی ہیں اور عام عوام کی رسائی ان حویلیوں تک ممکن نہیں تھی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے یہ ٹور منظم کر کے عام عوام کے لیے ان حویلیوں تک رسائی کو ممکن بنایا ہے۔120 کے قریب سیاحوں نے اس ٹور میں شرکت کی ۔ سیاحوں کے لیے رنگیلا رکشہ رائڈ اور ثقافتی پرفارمنسز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ کوک سٹوڈیو سیزن 15 کے مشہور گانے ” بلاک بسٹر ” سے شہرت پانے والے گڑوی گروپ کی پرفارمنس سے سیاحوں نے خوب لطف اٹھایا۔ تمام سیاحوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا اور سیاحوں کی جانب سے اس گائیڈڈ ٹور کے متعلق مثبت رائے کا اظہار کیا گیا۔
اصغر حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، نے کہا، "اندرون لاہور کی قدیم حویلیاں شہر کی تعمیراتی وراثت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ یہ نہ صرف قدیم تعمیرات کا منظر پیش کرتی ہیں بلکہ ماضی کے طرزِ زندگی کی جھلک بھی دکھاتی ہیں۔ ان تاریخی مقامات کا دورہ کرنا ایسا ہے جیسے وقت میں پیچھے جا کر دیکھنا کہ پرانے وقتوں میں لاہور میں لوگ کیسے رہتے اور معاشرتی ماحول کو اپناتے تھے۔ یہ دورے قدیم شہر میں مقیم امراء اور عام لوگوں کے تعمیراتی رجحانات کی عکاسی کرتے ہیں ۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اس ثقافتی ورثے کو منانے اور عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کامران لاشاری، ڈائریکٹر جنرل، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی، نے بھی اس گائڈڈ ٹور پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا، "لاہور کے تاریخی مقامات پر آنے والے سیاح ہمیشہ اندرون لاہور کی قدیم حویلیوں کی معماری نزاکتوں سے متاثر رہے ہیں ۔ مغلیہ، سکھ اور برطانوی ادوار کے دوران تعمیر کی گئی یہ حویلیاں مختلف تاریخی ادوار کے روایتی طرزِ زندگی، گلی محلوں کی ثقافت، اور معاشرتی پہلوؤں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شہری ترقی اور جدیدیت کے باوجود اس ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے نمایاں کوششیں کی ہیں۔ ٹور کو بہتر بنانے کے لیے اس میں ثقافتی پرفارمنسز بھی شامل کی گئ ہیں، جو سیاحوں کو کم قیمت پر ایک جامع اور با معنی ٹور کا موقع فراہم کرتی ہیں۔