صوبے کے کم آمدن والے افراد کو معیاری رہائش کی فراہمی کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کا احسن اقدام۔ ”احساس اپنا گھر“ سکیم پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیراعلٰی ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
صوبائی کابینہ اراکین ڈاکٹر امجد علی خان اور مزمل اسلم کے علاوہ متعلقہ محکموں اور بینک آف خیبر کے حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اسکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔ اسکیم پر 4 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ قرضوں کی واپسی کیلئے 7 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول تجویز کیا گیا ہے۔ قرضہ واپسی کی ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ 18 ہزار روپے تک ہوگی۔ یہ سکیم ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ 7 سالوں تک جاری رہے گی۔ اس اسکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے اپنی ملکیتی زمین کا ہونا ضروری ہے۔وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ”احساس اپنا گھر“ اسکیم کا اجراء اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، یہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اور فلاحی منصوبہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبے کے کم آمدنی والے لوگوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، اس پروگرام پر عمل درآمد سے نہ صرف کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات فراہم ہونگی بلکہ ان کے سماجی اور معاشی حالات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ قرضے صرف حقدار لوگوں کو ملیں، احساس پروگرام کے تحت صوبائی حکومت نے دیگر فلاحی منصوبے بھی شروع کئے ہیں، ان منصوبوں میں احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔