لاہور پارکنگ کمپنی کو پلان پیش کرنے کی ہدایت،اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ارفع کریم ٹاور میں لاہور پارکنگ کمپنی کا دورہ کیا۔ سی ای او لاہور پارکنگ نوید الاسلام ورک نے صوبائی وزیر کو کمپنی کے معاملات پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے لاہور پارکنگ کو 15 روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آن روڈ پارکنگ کو آئوٹ سورس کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ پلازوں اور دیگر آف روڈ پارکنگ کو کمپنی خود چلائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور میں پارکنگ کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ اس تناظر میں لاہور پارکنگ کمپنی کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت میں پارکنگ کا مربوط نظام وضع کرنے کا حکم دیا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو شکایات درج کرانے کے لئے موثر میکانزم بنایا جائے۔ رسید کے بغیر پارکنگ سے کمپنی کو نقصان ہوتا ہے۔ اس پہلو پر بھی توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کا ٹھوس طریقہ کار بنایا جائے۔ پندرہ روز کے اندر تفصیلی پریذینٹیشن پیش کی جائے جس کے بعد واضح ماسٹر پلان بنایا جائے گا کیونکہ ماسٹر پلان کے بغیر اہداف کا حصول ممکن نہیں ہو سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button