عورت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام سندھ میں تمباکو کنٹرول پر پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہم اسٹیک ہولڈرز اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیر برائے ترقی نسواں سندہ، شاہینہ شیر علی، تھیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سندہ، شاہینہ شیر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکو نوشی ایک سنگین مسئلہ ہے جو نہ صرف صحت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ انہوں نے تمباکو کی پیداوار پر قابو پانے، مانیٹرنگ کے مؤثر نظام کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر برائے ترقی نسواں سندہ، شاہینہ شیر علی نے خواتین اور نوجوانوں میں تمباکو نوشی کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وزیر برائے ترقی نسواں سندہ، شاہینہ شیر علی نے عورت فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور حکومتِ سندھ کی جانب سے تمباکو کنٹرول کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔






