وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے عیدالفطر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ رمضان کے بابرکت مہینے کے اختتام پر عیدالفطر کا دن خوشیوں کا پیغام لاتا ہے۔ میٹھی عید کا ایک سبق یہ بھی ہے کہ ہم محروم معیشت افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آج عیدالفطر ایک ایسے وقت پر آئی ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قومی سوچ اور لائحہ عمل کے ساتھ درپیش چیلنجز سے نمٹنا مشکل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آج کے دن ہمیں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم نو کرنا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر عید کے ایام کے دوران پنجاب بھر میں خصوصی صفائی پلان بنایا گیا ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز اور کنٹریکٹرز کے سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ عید تعطیلات کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور کنٹریکٹرز صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کسی قسم کی شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن 1139 اور ستھرا پنجاب ایپ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تعاون کے ساتھ صفائی کے اہداف کا حصول ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گلی محلوں اور اردگرد کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔






