ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور پلاننگ حافظ مدثر نواز اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیہ بھی شریک ہوئے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی،

جس میں کام کی رفتار اور معیار کو اجاگر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے واضح کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ واسا کو سیوریج اور واٹر سپلائی کے ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ تعمیراتی کاموں کے دوران تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے اور گلیوں کو خوبصورت بنانے کے لیے تھڑے اور شیڈز مسمار کرنے کا حکم دیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے نیسپاک کو کام کے معیار کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ترقیاتی کام دیرپا اور مضبوط ہونے چاہیئں۔






