پنجاب حکومت صفائی کے مقررہ اہداف کے حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ موسم برسات شروع ہونے پر نالیوں کی ڈی سلٹنگ باقاعدگی سے کی جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ اور ڈی جی خان ڈویژن کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اور کنٹریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں روز بروز بہتری آنا خوش آئند ہے۔ عوام کا اعتماد وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ اجلاس کے دوران چاروں ڈویژنوں میں جاری ستھرا پنجاب پروگرام اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے ستھرا پنجاب پروگرام عاصم محمود نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ بارشوں کے موسم میں صفائی کے لئے درکار مشینری میں کوئی کمی ہے تو اسے دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کا باقاعدگی کے ساتھ جائزہ لینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ پنجاب حکومت صفائی کے مقررہ اہداف کے حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر نے کنٹریکٹرز کو سن کر متعلقہ سی ای اوز کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ ستھرا پنجاب پروگرام کا اعزاز ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ورکرز کو انعام دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا گیا ہے۔ محنت کرنے والوں کو آئندہ بھی انعام ملے گا تاہم کام چوری کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ باقیماندہ ڈمپنگ سائٹس کی تیاری کا کام جلد مکمل کیا جائے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ دیہات کی سطح پر عملہ صفائی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر کے رپورٹ مرکزی کنٹرول روم کو بھجوائی جائے۔ مون سون کے دوران مشینری کی دیکھ بھال پر خاص توجہ دی جائے۔ شہریوں کی شکایات پر ایکشن کا میکانزم بتدریج بہتر بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button