سیکریٹری لائیوسٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ کا پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور لائیوسٹاک کمپلیکس راولپنڈی کا دورہ

سیکریٹری لائیوسٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نےپولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ راولپنڈی اور لائیوسٹاک کمپلیکس راولپنڈی کا دورہ کیا۔ یہ ان کا بطور سیکریٹری محکمہ لائیوسٹاک، پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا پہلا باضابطہ دورہ تھا۔دورے کے دوران سیکریٹری لائیوسٹاک کو ڈائریکٹر پولٹری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر فرحان افضل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پولٹری تحقیق، دیہی مرغبانی کے فروغ، بیماریوں کی تشخیص، خوراک و پانی کے معیار کی جانچ اور پولٹری فارمرز کی تربیت جیسے اہم شعبہ جات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لائیوسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر زیدی بھی موجود تھیں۔

سیکریٹری لائیوسٹاک نے ادارے کی موجودہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولٹری فارمرز کی تربیت کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مرغیوں کی خوراک میں پروٹین کے متبادل ذرائع، خصوصاً سولجر فلائی پر تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی بریڈنگ فارمز، ہیچری اور ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا اور سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی توجہ پولٹری انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ریسرچ، ٹریننگ، ریگولیٹری کنٹرول اور ڈیزیز سرویلنس پر مرکوز رہنی چاہیے۔دورے کے اختتام پر سیکریٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ عوامی فلاح کے ان منصوبوں کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اداروں کی موجودہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو اسی لگن اور جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

جواب دیں

Back to top button